اقتصادی راہداری سے خطے میں مثبت تبدیلی آئے گی، عبد المالک بلوچ

 Abdul Malik Baloch

Abdul Malik Baloch

کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے میں مثبت تبدیلی آئے گی، تاہم ہمارا مطالبہ ہے کہ منصوبے سے گوادر کی عوام کو اولین فائدہ پہنچے اور بلوچستان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب میں کیا، جس کے دوران انہیں گوادر کی ترقی کے حوالے سے مختلف محکموں کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ تقریب میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض بھی شریک تھے۔

وہ کہتے ہیں کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں گوادر کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، گوادر بندرگاہ کی وجہ ہی سے اقتصادی راہداری بن رہی ہے، لہذا تمام تجارتی، معاشی اور ترقیاتی سرگرمیوں میں گوادر کی مقامی آبادی کی شراکت داری ضروری ہے، تاکہ ان میں کسی قسم کا احساس محرومی جنم نہ لے۔

عبدالمالک بلوچ نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو جان و مال کا تحفظ ملے اور انہیں پینے کے صاف پانی کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت اور بجلی جیسی بنیادی سہولتیں فراہم ہو سکیں۔