اقتصادی ترقی کا براہ راست تعلق کراچی کے امن سے جڑا ہے: آرمی چیف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

کراچی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈ کوارٹر کراچی کا دورہ۔ دورے کے دوران آرمی چیف نے کراچی آپریشن سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کی اور انہیں بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے کراچی آپریشن کی رفتار اور کامیابیوں پر اظہار اطمینان کیا۔ آرمی چیف نے کراچی کی سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور آپریشن کے دوران دی گئی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا اقتصادی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کا براہ راست تعلق کراچی کے امن سے جڑا ہے۔ دہشت گردی سے پاک پرامن کراچی آپریشن کا بنیادی مقصد ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام کوششوں کو مربوط کرنا ضروری ہے۔

اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی ، کور کمانڈر کراچی ، ڈی جی ایم آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز اور ڈی جی رینجرز نے بھی شرکت کی۔ آرمی چیف نے ائر وار کورس کے شرکا سے بھی خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں آرمی چیف نے بین الاقوامی حالات ، خطہ کی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات کی اور کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔