تعلیمی اداروں کو تحفظ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے : سراج الحق

 Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ چارسدہ کی یونیورسٹی میں دہشت گردی کا واقعہ دلخراش ہے، تعلیمی اداروں کو تحفظ دینا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

لاہور میں اسلامی جمیت طلبا کے زیر اہتمام ایکپسو سنیٹر میں دو روزہ سٹوڈنٹ ایجوکیشن ایکپسو کے افتتاح کے بعد لاہور بھر کے مختلف سکولوں اور کالجز کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ وہ باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت دوسرے تمام کام چھوڑ کر ملک بھر میں بسنے والے لوگوں اور اس دھرتی کی حفاظت پر کوئی عملی اقدام کرے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سانحہ آرمی پبلک سکول اور آج کے سانحہ کے ذمہ داروں کا تعین کر کے قوم کو آگاہ کرے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان جذبے کا نام ہے، بری نظر سے دیکھنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے، وطن کی خاطر پہلے بھی قربانیاں دیں اب بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔