مصری ایئرلائن کا مسافر طیارہ ہائی جیک، اغوا کار نے سیاسی پناہ کا مطالبہ کردیا

Egyptian Airline

Egyptian Airline

قاہرہ (جیوڈیسک) مصری ایئرلائن کا مسافر طیارہ اغوا کرنے والے ہائی جیکر نے قبرص کی حکومت سے سیاسی پناہ کا مطالبہ کردیا ہے۔

مصری سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ سرکاری ہوائی کمپنی کا طیارہ عملے سمیت 81 مسافروں کو لے کر اسکنریہ سے دارالحکومت قاہرہ آرہا تھا کہ اس میں موجود ابراہیم سماہا نامی ایک شخص نے کپتان کو دھماکا خیز مواد سے بھری بیلٹ کو اڑانے کی دھمکی دے کر اس کا رخ موڑنے کا حکم دیا۔ جس کے بعد ہائی جیکر نے طیارہ قبرص کے شہر لارناکا کے ہوائی اڈے پر اتروادیا۔

قبرص کےسرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد ہائی جیکر نے عملے اور 4 غیر ملکیوں کے علاوہ تمام مسافروں کو چھوڑ دیا ۔ لارناکا ایئرپورٹ پر تعینات عملے نے فضائی آمدورفت معطل کردی ہے جب کہ طیارے کے ارد گرد بڑی تعداد میں ایمبولینسوں اور آگ بجھانے کی گاڑیاں موجود ہیں، مصری حکام کے ہائی جیکر کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں ، جس میں اس نے قبرص میں سیاسی پناہ اور وہاں اپنی سابق اہلیہ کو خط پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔