عید کا دن جشن مسرت ہی نہیں عبادت اور ہر حال میں اللہ کو یاد رکھنے کا دن ہے، راشد نسیم

Jamaat Islami

Jamaat Islami

کراچی 09 جولائی 2016 (پ ر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں رحمتوں، برکتوں، مغفرتوں اور اللہ کی بے پایاں عنایت کے شکر کا دن عید الفطر ہے۔ عید کا دن جشن مسرت ہی نہیں عبادت اور ہر حال میں اللہ کو یاد رکھنے کا دن ہے۔ ماہ رمضان کی پُرمشقت تربیت کا یہی پیغام ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون لیاقت آباد کے زیر اہتمام ہمسفر میرج لان ایف سی ایریا، میں عید ملن کے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری امت کا شیرازہ بکھر ا ہواہے۔ فلسطین، کشمیر، برما، شام، افغانستان، عراق، بنگلہ دیش، چہار اطراف مسلمان عالم کفر کے ظلم اور عالم اسلام کی بے حسی کاشکار ہیں۔ اتحاد امت، تمام مکاتب فکر کی قوتوں میں باہمی اتفاق و اتحاد ہونا چاہئے۔ آج ہر مرد، خواتین، نوجوانوں میں احساس پیدا ہونا چاہئے کہ ہم علیحدہ علیحدہ نہیں، ہم ایک دوسرے کے لئے غیر نہیں جسد واحد ہیں، بھائی بھائی ہیں، ہمارا خدا ایک ہے، ہمارا رسول ۖ ایک ہے، ہمارا قبلہ ایک ہے، ہمارا قرآن ایک ہے، ہمارا مسلک اور دین ایک ہے اور ہم ایک بڑی عالمی برادری ہیں۔ قرآن و سنت کی بنیاد پر ہمارے مشترکات زیادہ اور اختلافی بنیادیں کم ہیں۔ عید سعید کا یہی مقصد اور یہی پیغام ہے۔

عید ملن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ حقیقت یہی ہے کہ وطن عزیز اور عالم اسلام کے حالیہ لہو رنگ اور شکستہ حالات میں ہماری عید کی خوشیاں ادھوری ہیں۔ مظلوم مسلمانوں کے غالب ہونے تک ان کے غم میں دعاؤں اور امداد کے ذریعے شریک رہ کر جسد واحد کا کردار ادا کرنا ہوگا، نیز ان حالات میں سادگی کے وصف کو اپنانے کی ضرورت دو چند ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے وسیع اجتماعات و تقریبات میںاور انفرادی سطح پر بھی ملک و ملتّ اور مظلوم مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائوںکا اہتمام لازم ہے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عید شکرگزاری اور انعام کا دن ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ رمضان المبارک سے حاصل شدہ تقوی زندگی بدلنے کیلئے کافی ہو جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان کا بنیادی فریضہ غلبہ دین ہے۔

اسی کے نتیجے میں عدل و انصاف مل سکے گا، چوروں کے ذریعے چور کے ہاتھ نہیں کاٹے جا سکتے۔ وقت کی سپر پاور بھرپور مادی وسائل کے باوجود بے وسائل اور بے سرو ساماں ایمانی قوت کے آگے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عید پر اپنے دیگر مسلمان بھائیوں کو بھی دعاؤں میں یاد رکھنے کی ضرورت ہے جن پر مظالم کی انتہا کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر معروف شاعر اعجاز رحمانی نے اپنا خوبصورت کلام بھی حاضرین کی خدمت میں پیش کیا۔ آخر میں قائم مقام امیر جماعت اسلامی زون لیاقت آبادصغیر احمد انصاری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔