عید پر میری 3 فلموں کی نمائش ہو گی، نئی فلم بعد میں کرونگا، جاوید شیخ

Javed Sheikh

Javed Sheikh

کراچی (جیوڈیسک) معروف اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ وہ عید کے بعد اپنی نئی فلم شروع کر رہے ہیں‘ عید پر ریلیز ہونے والی فلموں میں مصروفیات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی ہے لیکن جلد فلم کا آغاز ہوگا۔

جاوید شیخ نے کہا اس سال عید پر میری تین فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہیں‘ مجھے سب سے زیادہ خوشی ہے کہ اب ہم تیزی سے آگے کی طرف بڑھ رہے ہیں اور جلد فلم انڈسٹری کا ماضی لوٹ آئے گا۔ اس عید پر پاکستان بھر میں چار پاکستانی فلموں کی نمائش ایک خوش آئند بات ہے جس سے فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

انھوں نے کہا فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال ہونے سے سب سے زیادہ خوش وہ لوگ ہیں جنہوں نے طویل عرصہ تک اس کی بحالی کے لیے جدوجہد کی۔

فلمی صنعت کے وہ لوگ مبارکباد کے حق دار ہیں جنہوں نے ہمت نہیں ہاری اور کوشش کرتے رہے کہ کسی بھی طرح فلم انڈسٹری کا ماضی کا دور واپس آجائے اور آج وہ وقت آگیا ہے ہمیں یہ بات کہتے ہوئے خوشی ہوتی ہے پاکستان میں اچھی اور معیاری فلمیں بننے کے بعد لوگ سنیما کی طرف واپس آگئے ہیں۔