منتخب نمائندوں نے منظور کالونی، جونیجو ٹاؤن اور ڈیفنس ویو کو لاوارث چھوڑ دیا، اویس اﷲ مروت

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) منظور کالونی، جونیجو ٹاؤن اور ڈیفنس ویو کے مکینوں کے دیریہ مسائل کے حل کیلئے یہاں کی عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے ایم این اے اور ایم پی اے نے کچھ نہیں کیا بلکہ یہاں کی عوام کے مسائل کو یکسر نظر انداز کیا۔

ڈیفنس ویو، منظور کالونی اور جونیجو ٹاؤن میں پانی کی بندش ، بدترین سیوریج نظام اور خستہ حال سڑکوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، مگر منتخب نمائندے لا علم ہیں اس کے باعث عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اسی لئے عوام اب آزمائے ہوئے شعبدہ بازوں کو مسترد کرکے اپنے حقیقی نمائندوں کو منتخب کرنے کیلئے کتاب پر مہر لگائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام ( ف ) یوسی 2 منظور کالونی 1 سے چیئرمین کے امیدوار اویس اللہ خان مروت نے جامع مسجد و مدرسہ رحمانہ ، جامع مسجد خلفائے راشدین ، جامعہ بیت العلم ، سابق امیدوار پی ایس 114 ابراہیم گل اور کوہستانی برادری کے معززین و عمائدین سے مختلف کارنر میٹنگز میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت کا مقصد ، جمعیت کا پیغام، اللہ کی زمین پر، اللہ کا نظام ہے جس کے لئے جدوجہد کررہے ہیں ۔ انشاء اللہ 5 دسمبر کا سورج عوام کے حقیقی نمائندوں کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہوگا ۔ اس موقع پر ڈیفنس ویو ویلفیئر ایسوسی ایشن فیز IIکے عہدیداران نے اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔