الیکشن کمیشن ایک جماعت کے ہاتھ باندھ رہا ہے اور دیگر کو مکمل آزادی ہے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک جماعت کے ہاتھ باندھ رہا ہے اور دیگر کو سب آزادی ہے تاہم اس پر عوام کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آئے گا۔

اسلام آباد میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے پوچھتا ہوں کہ 2013 کے الیکشن فارم 14 مسنگ تھے کیا کسی پر ایف اٴئی آر کٹی جب کہ وزیراعظم نواز شریف الیکشن کے دوران پیکج کا اعلان کر رہے ہیں ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی اور جمہوری عمل میں حصہ لینے پر ان کے خلاف 3 مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس کسی کو کچھ دینے کو نہیں اور نہ کوئی وزیر ہوں تو مجھے کس طرح جمہوری عمل سے روکا جارہا ہے، عوام کو اپنا منشور دینا میرا حق ہے اور یہ جائز کام ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 22 سیاسی جماعتوں نے 2013 کے انتخابات کو کہا کہ اس میں دھاندلی ہوئی اور وہی الیکشن کمیشن دوبارہ الیکشن کروا رہا ہے، الیکشن کمیشن سے کہنا چاہتا ہوں کہ ملک صاف و شفاف الیکشن کو ترس گیا ہے اور اگر ہمیں جمہوری عمل سے روکا گیا تو عوام کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آئے گا۔