الیکشن چوری کے الزام کی طرح پھر ن لیگ کیخلاف سازش کی جا رہی ہے: لیگی رہنماء

League Leader

League Leader

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنماء دانیال عزیز نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں الیکشن چوری ہونے کا ڈرامہ (ن) لیگ کیخلاف سازش تھی۔

دانیال عزیز نے کہا کہ افضل خان نے جسٹس کیانی اور جسٹس افتخار پر الزام لگائے تھے لیکن دراصل یہ سب حکومت کے مینڈیٹ کو تباہ کرنے کے لئے بنائی گئی سازش کے سوا اور کچھ بھی نہ تھا۔ انہوں نے الزم لگایا کہ دھرنا دراصل دھاندلی کیخلاف نہیں بلکہ ملک کی ترقی اور چینی صدر کے دورے کیخلاف ایک سازش تھی۔

انہوں نے کہا کہ 35 پنکچر کے الزام پر عمران نے خود کہا تھا کہ وہ سیاسی بیان تھا۔ دانیال عزیز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قوم کے ذہن میں انتشار پیدا کرنے کے لئے دھرنے کی سازش تیار کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس پر دھاوا بولا گیا، لیکن اب ثابت ہو گیا ہے کہ یہ محض اس ملک اور اس کی ترقی کیخلاف سازش تھی۔

اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ پہلے دھاندلی کے دعوے کرتے ہوئے اسلام آباد پر چڑھائی کی گئی تھی اور ملک کی ترقی کو پیچھے دھکیلا گیا تھا اور اب پاناما لیکس کا نام لے کر ایک بار پھر پرانا ڈرامہ دہرایا جا رہا ہے اور ملک اور حکومت کو ناکام کرنے کی ایک بار پھر کوشش کی جا رہی ہے۔

دریں اثناء مسلم لیگ ن نے دھاندلی کے الزامات عائد کرنے پر تحریک انصاف سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا۔ دانیال عزیز اور طارق فضل چودھری کہتے ہیں دھرنے کے ذریعے حکومت کے خلاف سازش کرنے والے عناصر دوبارہ اکٹھے ہو رہے ہیں۔