آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ و بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہونگے: اسحاق ڈار

 Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا اجلاس اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ ذیلی کمیٹی نے پارلیمانی کمیٹی کو اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

پارلیمانی کمیٹی نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا کام کافی حد تک مکمل کر چکے ہیں، انتخابی اصلاحات کا کام مکمل ہونے کے لئے کوئی ٹایم فریم نہیں دیا جا سکتا، عام انتخابات میں اڑھائی سال کا وقت ہے کوئی جلدی نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا کام کرنا چاہتے ہیں جس کے دیر پا اثرات ہوں، ان کا کہنا تھا کہ کئی آئینی ترامیم پر اتفاق ہو چکا، دو سے تین ہفتے میں ذیلی کمیٹی انتخابی اصلاحات کا مسودہ تیار کر لے گی، متنازعہ ترامیم پر پارلیمانی کمیٹی میں غور ہو گا، جبکہ پی ٹی آئی کو جن امور پر تحفظات ہیں ان پر عارف علوی کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیو میٹرک نظام کے تحت ہوں۔ اجلاس میں زاہد حامد، شازیہ مری، شیریں مزاری، صاحبزادہ طارق اللہ، مشاہد حسین سید، عبد القادر بلوچ، اعجاز الحق، انوشہ رحمان شریک ہوئے۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے سیکرٹری اور ڈی جی آئی ٹی نے بھی شرکت کی۔