بجلی چوری کے موازنے کیلئے کمیٹی بنائی جائے، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جب بھی لوڈشیڈنگ یا چوری کی بات آتی ہے تو چھوٹے صوبوں کا تذکرہ چھیڑ دیا جاتا ہے، ہم بجلی چوری کے حامی نہیں ہیں۔ بہتر ہے ایوان کی ایک کمیٹی بنائی جائے تاکہ معلوم پڑے کہ کون کہاں چوری کررہا ہے اور لوڈ شیڈنگ کتنی ہو رہی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سب کو یکساں حقوق حاصل ہیں لیکن لوڈ شیڈنگ کے معاملے میں ایسا کیا جارہا ہے جو چوری کرے اس کی بجلی کاٹیں انہیں گرفتار کریں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ہائوس کی ایک کمیٹی بنائی جائے جو سندھ اور پنجاب کی بجلی چوری کاموازنہ کرے۔ اب اس کھیل کو ختم ہونا چاہیے یہی اپوزیشن کا مطالبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2012 تک کروڈ آئل کی قیمت 109 ڈالر فی بیرل تھی اور بجلی کی قیمت 8روپے 11 پیسے فی یونٹ تھی۔ اس وقت بھی بجلی کی قیمتوں کو بڑھنے کی بجائے اسے روکا۔ انہوں نے کہا ہم پر اعتراض کرنے والے آج خود گردشی قرضے 500 ارب سے بڑھا چکے ہیں۔