بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈائون کر کے ایف ای آئی آر درج کروائیں

Speech

Speech

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) چیف ایگزیکٹو گیپکو چوہدری محمد اکرم نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈائون کر کے ایف ای آئی آر درج کروائیں۔ بجلی چوروں سے رعایت برتنے والے اہلکاروں کیلئے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ نادہندگان اور بجلی چوروں کو کیفر کرار تک پہنچا کر دم لیں گے۔اِن خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات سرکل آفس کے افسران کے ساتھ سرکل کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف انجینئرز غضنفر عباس رضوی ، تنویرالرحمن، ایس ای گجرات عبدالرزاق، ڈپٹی کمرشل مینجر میاں محمد عرفان،پی ایس او آصف قریشی، ایکسیئنز محمد زاہد، طارق بروڑو، مرزا شہزاد اعظم، نادر علی،شفیق الرحمن،محمد شبیر بٹ سرکل کے تمام ایس ڈی اوزاور ریونیو افسران بھی موجود تھے۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ کمپنی میں100فیصد دُرست میٹر ریڈنگ اور بلنگ کا کلچر پروان چڑھائیں اس سلسلہ میں آفیسر پروفیشنل ازم کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹاف کی مکمل رہنمائی کریں کیونکہ بجلی بلوں پر100%دُرست تصویری میٹر ریڈنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ گیپکو ایک کمپنی ہے جہاں ہم نے جتنی بجلی بیچی ہے اُس کا حساب دینا ہے اور جو افسر یا ملازم اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا اُس کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے گی۔

ریکوری کو مزید بہتر بنانے کیلئے افسران ٹارگٹ سیٹ کریں اور بجلی کے نادہندگان سے قومی خزانے کی پائی پائی وصول کریں ۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ مختلف دفتری سرگرمیوں کا ریکارڈ روزانہ کی بنیاد پر خود چیک کریں،صارفین کے ساتھ اپنا رویہ ہمدردانہ رکھیں اور اُنکے مسائل حل کریں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سینئرافسران اپنے اپنے علاقہ کی تمام ڈویژن اور سب ڈویژن دفاتر میں اچانک چھاپے ماریں ، ہدایات کے مطابق ریکارڈ چیک کریں اور اپنے جونیئر افسران کو اتھارٹی ہدایات اور اپنے تجربات کی روشنی میں مناسب گائیڈ لائن مہیا کریں۔