ای میلز کے معاملہ پر ہلیری کا ایف بی آئی کو انٹرویو، تحقیقات میں مداخلت نہیں کرونگی: امریکی اٹارنی جنرل

Hillary Clinton

Hillary Clinton

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ نے کہا ہے کہ وہ ہلیری کلنٹن کی ای میلز سے متعلق تحقیقات میں مداخلت نہیں کریں گی۔ ایف بی آئی اور پراسیکیوٹرز کے فیصلوں کا احترام کیا جائے گا۔ کولوراڈو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ نے کہا کہ ان کا تقرر سیاسی طور پر ہوا ہے تاہم اس سے ہلیری کلنٹن کی ای میلز کی تحقیقات کا عمل متاثر نہیں ہو گا۔

تحقیقات سے متعلق سفارشات پر محکمہ انصاف اور ایف بی آئی ڈائریکٹر نظر ثانی کریں گے جس کے بعد یہ سفارشات انہیں پیش کی جائیں گے جو ایک قانونی عمل ہے تاہم وہ ان سفارشات کو مکمل طور پر قبول کریں گی۔

امریکی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ نے یہ اعلان فینکس ائیر پورٹ پر سابق امریکی صدر بل کلنٹن سے ملاقات کے بعد کیا۔ دوسری جانب ڈیموکریٹک ممکنہ امریکی صدارتی امیدوار ہلیری کی مہم کے ترجمان نک میرل نے بتایا کہ ہلیری کلنٹن نے اپنے سیکرٹری خارجہ ہونے کے دور کی ای میلز کے انتظامات کے حوالے سے ہفتہ کی صبح ایف بی آئی کو رضاکارانہ انٹرویو دیا ہے۔

وہ محکمہ انصاف کو تعاون فراہم کرنے کا موقع ملنے پر خوش ہیں۔ ترجمان نے کہا انویسٹی گیشن کے عمل کا احترام کرتے ہوئے وہ اپنے انٹرویو کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں گی۔