سفارت خانہ پاکستان پیرس فرانس میں پہلے پاکستانی نوجوانوں کے کنونشن کا انعقاد

First Pakistani Youth Convention in France

First Pakistani Youth Convention in France

پیرس (پریس ریلیز) سفارت خانہ پاکستان پیرس فرانس میں مقیم پاکستانی نوجوانوں اور طالبعلموں کے پہلے کنونشن کا انعقاد انتہائی کامیابی سے کیا گیا۔

کنونشن کی صدارت فرانس میں پاکستان کے سفیر جناب معین الحق نے کی۔ کنونشن میں فرانس کے مختلف دور دراز شہروں اور علاقوں میں مقیم پاکستانی نوجوانوں اور طالبعلموں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کے تعلیم یافتہ اور پروفیشنل صحیح معنوں میں فرانس میں پاکستان کے سفیر ہیں جو کہ پاکستان اور فرانس میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

سفیر پاکستان نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ فرانس میں اعلی تعلیمی ادارو ں کے مختلف شعبوں میں اپنی تعلیم کے حصول پر پوری توجہ دیں اور جدید علوم اور صلاحیتیں حاصل کریں۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ فرانس میں ذمہ دار شہریوں کے طور پر اپنی خدمات انجام دیں۔

فرانس کے قوانین کا احترام کریں اور اپنے مثالی کردار کا مظاہرہ کریں تاکہ فرانس میں پاکستان کا نام روشن ہو سکے۔ سفیر پاکستان نے نوجوانوں کو فرانس اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور سفارت خانہ کی ان کوششوں کا بھی ذکر کیا جو پاکستان اور فرانس میں باہمی تعلقات کو مزید بہتراور مضبوط بنانے کیلئے کی جا رہی ہیں۔

سفیر پاکستان نے اس موقع پر نوجوانوں کو سفارت خانے کی جانب سے ایک کثیر الجہتی عوامی سفارتکاری جس کا عنوان سلیبریٹنگ پاکستان ہے کے مختلف پہلوں سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سلیبریشن پاکستان کے ذریعے فرانس میں پاکستان کے شاندار نظاروں، ثقافتی اور معاشرتی اقدار کو انتہائی موثر طریقے سے پیش کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ فرانس میں پاکستان کے تصور کو بہتر بنایا جاسکے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس منصوبے کے تحت منعقد کیئے جانے والے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اوران منصوبوں کے انعقاد کو مختلف شہروں اور علاقوں میں بھی ممکن بنائیں۔

نوجوانوں نے کنونشن میں بھرپور حصہ کیا اور اس موقع پر کھل کر اپنے خیالات، نظریات اور سفارت خانہ کو اپنے مفید مشوروں سے بھی آگاہ گیا۔