دشمن کی سازشوں اور ہتھکنڈوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، وزیراعظم نوازشریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے كہا ہے كہ پاكستان ایك پرامن اور ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور ہم تمام ہمسایہ ممالك سے برابری كی سطح پرپرامن اورخوشگوار تعلقات كے خواہاں ہیں جب کہ دشمن کی سازشوں اور ہتھکنڈوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں۔

یوم دفاع كے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نوازشریف نے كہا كہ یوم دفاع پاكستانی قوم كے لازوال عزم اوربہادری كی یاد دلاتا ہے، آج ہم اپنے شہیدوں اورغازیوں كوسلام عقیدت پیش كرتے ہیں، قومی دفاع كا جذبہ آج بھی ہماری قوم اور مسلح افواج میں موجزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی كے خاتمے كیلئے سیاسی وعسكری قیادت نے جس مثالی یكجہتی كامظاہرہ كیا وہ ملكی تاریخ كا روشن باب ہے جب کہ قوم دہشت گردی كو جڑسے اكھاڑنے كے لیے پرعزم ہے اور ہم تمام ہمسایہ ممالك سے برابر ی سطح پر پرامن اورخوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے كہا كہ یوم ِ دفاعِ پر آج ہم اُن یادگار لمحات كی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں جب ہماری بہادر مسلح افواج اور قوم نے ملكی سرحدوں كا كامیابی سے دفاع كر كے دشمن كے ناپاك عزائم كو ناكام بنایا تھا، آج كے دن قوم اپنے اُن شہیدوں اور غازیوں كو سلامِ عقیدت پیش كرتی ہے جنہوں نے دفاعِ وطن كے دوران جرأت و بہادری كی بہت سی داستانیں رقم كیں۔ انہوں نے کہا کہ بری، بحری اور فضائی سرحدوں كی نگرانی كے علاوہ اندرونی مسائل خاص طور پر دہشت گردی كے خلاف افواجِ پاكستان نے ناقابلِ فراموش كردار ادا كیا ہے اور ضربِ عضب کی كامیابی اس بات كا ثبوت ہے كہ ہماری افواج اور قوم ملكی سلامتی كو درپیش كسی بھی قسم كے خطرے سے نبردآزما ہونے كی مكمل صلاحیت ركھتی ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی كے خاتمے كے لیے سیاسی و عسكری قیادت نے جس مثالی یك جہتی كا مظاہرہ كیا وہ ملكی تاریخ كا ایك روشن باب ہے، قومی اتحادویگانگت كی اس مثال نے پاكستان كے تمام دشمنوں پر واضح كر دیا ہے كہ ملكی سلامتی اور بقا كو لاحق كسی بھی خطرے كا مقابلہ كرنے كے لیے یہ قوم یكجان ہے۔

قوم، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ كرنے والے ادارے دہشت گردی كو جڑ سے اُكھاڑنے كے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں كوئی شك نہیں كہ پاكستان ایك پُرامن اور ذمّہ دار ایٹمی قوت ہے، ہم تمام ہمسایہ ممالك سے برابری كی سطح پر پُرامن اورخوشگوار تعلقات استوار كرنے كے خواہاں ہیں جب کہ دشمن كی سازشوں اور ہتھكنڈوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں۔