دشمن نے ’یمن‘ میں مداخلت کر کے حماقت کی: محمد بن سلمان

 Mohammad Bin Salman

Mohammad Bin Salman

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ یمن عرب ممالک کے لیے بہ منزلہ دل، تزویراتی گہرائی، اساس اورتمام عربوں کی اصل ہے۔ دشمن نے یمن میں مداخلت کرکے بہت بڑی حماقت کی۔ اسے اب اس مداخلت کا خمیازہ بھی بھگتنا ہو گا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے ان خیالات کا اظہار یمن کے سرکردہ قبائل کے قائدین اور اہم شخصیات سے ملاقات کے دوران کیا۔

دارالحکومت ریاض کے دورے کے دوران یمنی قبائل کے وفد کے سربراہ الشیخ مفرح بحیبح نے یمن میں آئینی حکومت کی بحالی، یمنی عوام کی مالی امداد، بیرونی مداخلت اور جارحیت کی روک تھام کے لیے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی بروقت کارروائی پر مملکت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یمنی قوم ملک میں امن واستحکام کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی قربانیوں اور خدمات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ سعودی عرب کی معاونت کے بغیر یمن میں باغیوں کو شکست دینا ممکن نہیں تھا۔ سعودی عرب کی مساعی اور مدد کا نتیجہ ہے کہ یمن کی آئینی فورسز آج صنعاء کے دروازے پر دستک دے رہی ہیں۔

انہوں نے جنگ سے متاثرہ شہریوں کی مدد اور ان کی بحالی کے لیے شاہ سلمان کی خدمات کو بھی شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب نے یمن میں اپنی اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری انجام دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں قیام امن میں صرف سعودی عرب نہیں بلکہ مصر، سودان، اردن، مراکش سمیت پوری مسلم امہ معاون و مددگار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یمن عالم عرب کی تزویراتی گہرائی، ان کا مرکز، اساس اور اصل ہے۔ دشمن نے یمن کو چھیڑ کر بہت بڑی حماقت کی ہے اور اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سعودی عرب یمنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ جنگ سے متاثرہ شہریوں کی بحالی اورمکمل امن استحکام کے قیام تک ہماری جدو جہد جاری رہے گی۔