دورہ انگلینڈ؛ کرکٹرز کو نئے سینٹرل کنٹریکٹ پیش کیے جائینگے

PAK TEAM

PAK TEAM

لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹرز کو نئے سینٹرل کنٹریکٹ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش کیے جائیں گے، کمیٹی تاحال حتمی فہرست مرتب نہیں کرسکی، معاہدے ختم ہونے کے باوجود کھلاڑی ایک سال تک قواعد و ضوابط کے پابند ہیں، ٹور کے کوڈ آف کنڈکٹ پر بھی پہلے ہی دستخط کرائے جاچکے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز کے گذشتہ سینٹرل کنٹریکٹ 30جون کو ختم ہوجائیں گے، اس دوران قومی ٹیم دورہ انگلینڈ شروع کرچکی ہوگی، طویل ٹور میں بیشتر کھلاڑی 4ٹیسٹ،5 ون ڈے اور واحد ٹوئنٹی 20میچ کھیلنے کیلیے ملک سے باہر ہوں گے، دوسری جانب پی سی بی کی جانب سے تاحال سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے پلیئرز کی فہرست کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی،اس مقصدکیلیے تشکیل شدہ کمیٹی میں چیف سلیکٹر انضمام الحق، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور جنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق کرکٹرز کو کنٹریکٹ دورہ انگلینڈ کے دوران ہی پیش کیے جائیں گے، گذشتہ معاہدے ختم ہونے کے باوجود کھلاڑی ایک سال تک قواعد و ضوابط پر عمل کے پابند ہیں، وہ ٹور کنٹریکٹ پر دستخط کرنے کی وجہ سے بھی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیںہوسکتے،اس لیے نئے کنٹریکٹ نہ ہونے سے بھی انتظامی معاملات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق کسی بھی فارمیٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی سے محروم شاہد آفریدی کے ساتھ سعید اجمل بھی کنٹریکٹ نہیں پا سکیں گے، احمد شہزاد اور عمر اکمل کی بھی چھٹی ہو سکتی ہے، افتخار احمد اور سہیل خان سمیت چند کھلاڑیوں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔