انگلش ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، قومی کپتان ثنامیر

Sana Mir

Sana Mir

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ کیلیے لاہورسے براستہ قطر لندن روانہ ہوگئی، ون ڈے کپتان ثنا میر کا کہنا ہے کہ مضبوط میزبان سائیڈ کیخلاف فتح کے لیے پر عزم ہیں، ٹوئنٹی 20 میں قیادت سنبھالنے والی بسمٰہ معروف نے بھی کامیابی کیلیے امیدیں باندھ لیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ویمنزکرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ میں 3 ون ڈے اوراتنے ہی ٹوئنٹی 20 میچ کھیلنے کیلیے انگلینڈ روانہ ہوگئی،نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے روانہ ہونے والے پلیئرز نے لاہور سے براستہ قطر لندن کیلیے اڑان بھری، روانگی سے قبل این سی اے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ون ڈے ٹیم کی کپتان ثنامیر نے کہا کہ مضبوط انگلش ٹیم کوہوم گرائونڈ کا فائدہ ہوگا

تاہم سیریز کی اچھی تیاری کی ہے، ڈٹ کر مقابلہ کریںگی، میزبان ٹیم کی رینکنگ بہتر اور ان کو ہوم گرائونڈز کا فائدہ ہوگا لیکن ہماری پلیئرز کے حوصلے بلند اور ہم سیریز میں فتح کیلیے پر عزم ہیں۔
ٹوئنٹی20 ٹیم کی کپتان بسمٰہ معروف کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ کے دوران بیٹنگ اہم کردارادا کرسکتی ہے، کامیابیوں کیلیے اس کا کلک کرنا ضروری ہوگا

اچھا مجموعہ حاصل کریں تو بولرز ہدف کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ہمیں فیلڈنگ کا معیار بھی بہتر کرنا ہوگا، امید ہے کہ ٹیم اس مشکل امتحان میں سرخرو ہوگی۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 20 جون کو لیسٹر، دوسرا 22 جون کو ووسٹر اور تیسرا 27 جون کو ٹونٹن میں کھیلا جائیگا،ٹوئنٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 3 جولائی کو برسٹول، دوسرا 5 جولائی کو سائوتھمپٹن اور تیسرا 7 جولائی کو چیمسفورڈ میں شیڈول کیا گیا ہے۔