نئے جوش اور جذبے کے ساتھ بلدیاتی ادارے کی خدمات کا آغاز کردیا ہے ۔ریحان ہاشمی

Introduction Ijlas DMC Central

Introduction Ijlas DMC Central

کراچی : نومنتخب چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل کیپٹن ریٹائرڈ فرید الدین مصطفی کے ہمراہ ضلع وسطی میں جاری پولیو مہم کے دوران سندھ گورنمنٹ چائلڈ ہسپتال ناظم آباد میں 5سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیوسے بچائو کے قطرے پلائے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیو لا علاج مرض ہے اس سے بچائو کا واحد حل پولیو سے بچائو قطرے پینے سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ پولیو ورکرز کی حفاظت کے لئے موئثر اقدامات کرے ،بعدازاں انہوں نے ،وائس چیئرمین بلدیہ وسطی سید شاکر علی کے ہمراہ اپنے دفتر میں بلدیاتی افسران کے ساتھ ایک خصوصی تعارفی اجلاس کیااس موقع پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل کیپٹن (ر)فرید الدین مصطفی، میونسپل کمشنر محمد وسیم سومرو اور بلدیاتی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کافی انتظار کے بعد ایک مرتبہ پھر منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہاتھ میں اختیارات آئے ہیں تو ایک مرتبہ پھر نئے جوش اور خدمت انسانی کے جذبے کے ساتھ بلدیاتی خدمات کا آغاز کر رہے ہیں۔ صرف دفتر ی کاغذی کاروائی پوری کرنے سے عوام کا دل نہیں جیتا جا سکتا ۔ اسکے لئے ضروری ہے کہ بلدیاتی ادارے افسران و کارکنان شہریوں کی خدمت کے لئے ہمہ وقت تیاررہیںاور انکے مسائل کو اپنے مسائل سمجھ کر حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ دفتر میں حاضری اور فرائض کی انجام دہی کے معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے افسران اور شعبہ جاتی سربراہوں کو ہدایت کی کہ گھوسٹ اور غیر حاضر ملازمین کیخلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اس موقع پر بلدیاتی افسران نے منتخب چیرمین اور وائس چیرمین کو یقین دلایا کہ وہ بلدیہ وسطی میں بلدیاتی خدمات میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتے گے بلکہ ماضی سے زیادہ تیزی کے ساتھ خدمات انجام دے گے تاکہ ضلع وسطی کو مثالی ضلع بنایا جا سکے۔