مساوات کا نظام پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کرسکتا ہے ‘ راجونی اتحاد

karachi

karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلوچستان میں حالات کی خرابی کی وجہ وفاق وہ روایتی و استحصالی طرز عمل ہے جس کی وجہ سے نہ صرف بلوچستان کے عوام احساس محرومی سے دوچار ہوکر اپنے حق کیلئے طاقت کے استعمال پر مجبور ہوئے اور اب یہی احساس محرومی سندھ اور خیبر پختونخواہ میں بھی پیدا ہوتا جارہا ہے۔

جو کسی بھی طور قومی وحدت اور پاکستان کے مستقبل کیلئے سودمند نہیں ہے اسلئے حکمران چھوٹے صوبوں اور عوام کا استحصال کرنے کی بجائے پاکستان کے تمام شہریوں کو یکساں حقوق و مراعات اور تحفظ و انصاف فراہم کرکے اس احساس محرومی کا خاتمہ کریں جو عسکریت پسندی اور دہشتگردی کی بنیادی وجہ ہے۔

پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما سردار خادم حسین سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن ودیگر نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں کیلئے یکساں پالیسیوں کی تشکیل اورہر صوبے کے شہری و ملازم کیلئے یکساں حقوق و مراعات کا تعین ہی نہ صرف بلوچستان کے حالات کو پر امن بناسکتا ہے بلکہ ملک سے عسکریت پسندی ودہشتگردی کے خاتمے میں بھی معاون بن سکتا ہے۔