یوروکپ کے کوارٹر فائنل میں آج پرتگال اور پولینڈ کا آمنا سامنا ہوگا

Euro Cup

Euro Cup

پیرس (جیوڈیسک) یورو کپ فٹ بال میں کوارٹر فائنلز مرحلہ آج سے شروع ہورہا ہے اور ناک آؤٹ مرحلے کا پہلا میچ پرتگال اور پولینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ میچ پاکستان وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔

فرانس میں جاری یورو کپ 2016 میں سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے جاری ہیں اور کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی 8 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے مدمقابل ہوں گی۔کوارٹر فئانل میں کامیاب ہونے والی 4 ٹیمیں سیمی فائنل کھیل سکیں گی۔ مارسیلی میں پہلی آزمائش آج پرتگال اور پولینڈ کے درمیان ہے اور ایونٹ میں اب تک پولینڈ کے جیکب بلیز اور کووسکی 2،2 گول کر چکے ہیں جب کہ پرتگال کے نینی اور رونالڈو بھی 2،2 بار گیند جال میں پھینک چکے ہیں۔

کوارٹر فائنل کا دوسرا ٹاکرا 2 جولائی کو ویلز اور بیلجئم کے درمیان للی میں ہوگا۔ ایونٹ میں اب تک ویلز کے گریتھ بیل 3 اور بیلجیم کے رومیلو لوکاکو 2 گول کر چکے ہیں۔ 3 جولائی کو ورلڈ چیمپئن جرمنی اور اٹلی کا آمنا سامنا ہوگا جب کہ 4 جولائی کو آخری کوارٹرفائنل میں فرانس اور آئس لینڈ مد مقابل ہوں گے۔

پرتگال اور پولینڈ میں سے کامیاب ہونے والی ٹیم کا مقابلہ سیمی فائنل میں بیلجئم اور ویلز میں سے کسی فاتح ٹیم کے ساتھ 6 جولائی کو ہوگا جب کہ دوسرا سیمی فائنل 7 جولائی کو کھیلا جائے گا جس کے لئے اٹلی اور جرمنی میں سے فاتح ٹیم کا مقابلہ فرانس اور آئس لینڈ میں سے کسی ایک ٹیم کے ساتھ ہوگا۔