یورپ میں غیرمعمولی بارشیں اور سیلاب سے 15 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر

France

France

پیرس (جیوڈیسک) وسطی یورپ کے کئی ممالک میں غیر متوقع بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے اور مختلف واقعت کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک جب کہ ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق فرانس، جرمنی اوریوکرین سمیت یورپ کے کئی ممالک غیرمتوقع بارشوں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی کیفیت سے دوچارہیں، ان ملکوں میں پیش آنے والے مختلف حادثات اورواقعات میں اب تک کم ازکم 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 10 جنوبی جرمنی میں ہپلاک ہوئے ہیں جب کہ فرانس میں 2 افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں صورت حال انتہائی گھمبیرہوگئی ہے، سیلاب کی وجہ سے شہر کے درمیان سے گزرنے والے دریائے سین کا پانی 30 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے اوراس میں کمی کا بھی فی الحال کوئی امکان نہیں کیونکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔ اس صورت حال میں پیرس کا زیر زمین ریلوے نظام بند کردیا گیا ہے جب کہ مشہورِ زمانہ لوور میوزیم کو بند کرکے نادرو نایاب فن پاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔