ایگزیکٹ کمیونیکیشن کا معاملہ تحقیقات کے لئے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے سپرد

Senate

Senate

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے ایگزیکٹ کمیونیکیشن کی جانب سے جعلی ڈگریوں کا معاملہ تحقیقات کے لیے معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

چیئرمین رضا ربانی کی سربراہی میں سینیٹ کے اجلاس دوران سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ ایگزیکٹ کے متعلق امریکا کے موقر روزنامے نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے والی خبر شرمناک ہے، یہ خبر ملک کے تمام اخبارات میں بھی شہ سرخی کے ساتھ شائع ہوئی ہے۔

بد قسمتی سے یہ خبر پاکستانیوں سے متعلق ہے جس سے قوم کا سر ندامت سے جھک جانا چاہیے، شعیب شیخ اور کمپنی کو وضاحت کا حق حاصل ہے۔ معاملہ تحقیقات کے لیے کمیٹی کو بھیجا جائے اور اس بات کانوٹس لینا چاہیے کہ پاکستانی جعلسازی میں کتنی مہارت رکھتے ہیں۔

چیرمین سینیٹ نے تحقیقات کے لیے معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے اس لئے کمیٹی ایک ماہ میں اس حوالے اپنی رپورٹ پیش کرے۔

واضح رہے کہ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ شائِع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی کمپنی ہونے کا دعویٰ کرنے والے ادارے ایگزیکٹ کا اصل کاروبار دنیا بھر میں جعلی ڈگریاں فروخت کرنا ہے تاہم کمپنی نے اس خبر کو سازش اور مفروضے پر مبنی قرار دیا ہے۔