ایگزیکٹ اسکینڈل کی وجہ سے پاکستان عالمی سطح پر بدنام ہوا: طاہر اشرفی

Tahir Ashrafi

Tahir Ashrafi

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان علما کونسل کے سیمینار کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹ کمپنی کی وجہ سے پاکستان عالمی سطح پر بدنام ہوا۔ کراچی میں پاکستان علماء کونسل کی جانب سے استحکام پاکستان سیمینار منعقد کیا گیا، جس کی سربراہی حافظ محمد طاہر اشرفی نے کی۔

سیمینار میں علامہ شمس الرحمان، علامہ احسان صدیقی،مولانا طارق محمود مدنی، مولانا غلام مہدی، قاضی احمد نورانی سمیت دیگر علما نے شرکت کی جبکہ سیمینار میں بشپ صادق ڈینیئل، مائیکل جاوید، سردار میش سنگھ اور دیگر برادریوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی اظہار خیال کیا۔

سیمینار میں خطاب میں علامہ طاہر اشرفی نے مطالبہ کیا کہ سانحہ صفورا میں ملوث ملزمان کا مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجا جائے۔ سیمینار میں مشترکہ اعلامیہ بھی پیش کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ایگزیکٹ کمپنی کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے، اس معاملے کے اصل حقائق سے قوم کو آگاہ کیا جائے اوران کے خلاف غیر جانبدار تحقیقات کی جائے اور اگر جرم ثابت ہو تو غداری ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے۔

چیئرمین پاکستان علماکونسل طاہر اشرفی نے مزید کہاکہ پاکستان میں ہر مسلک و مذہب سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کا نشانہ بن رہے ہیں، اتحاد وقت کا اہم تقاضا ہے۔