توقع ہے ڈونلڈ ٹرمپ امریکی وحدت کی حفاظت کریں گے: اوباما

Obama

Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کے صدر باراک اوباما نے حالیہ انتخابات میں صدر منتخب ہونے والے ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ توقع ہے کہ ٹرمپ امریکی وحدت کی حفاظت کریں گے۔

بدھ کو وائیٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باراک اوباما نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ منصب صدارت ہمارے نزدیک شخصیات سے زیادہ عظیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی پرہم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد پیش کی ہے اورا نہیں وائیٹ ہاؤس کے دورے کی دعوت دی ہے۔ صدر اوباما نے کہا کہ اقتدار کی پرامن طریقے سے منتقلی جمہوریت کی بنیاد ہے۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ میں نے صدارتی انتخابات میں شکست خوردہ امیدوار ہیلری سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ مجھے ان پر ہمیشہ فخر رہا ہے۔ میں ہیلری سے کہا ہے کہ وہ انتخابات کے نتائج سے مایوس نہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کو انتشار کی نہیں بلکہ وحدت کی ضرورت ہے، توقع ہے کہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی قوم کو متحد رکھنے اور امریکی وحدت کی حفاظت کریں گے۔ ہم سب امریکی اور ایک ہی وطن کے باشندے ہیں۔ ہمیں اپنے ملک کے لیے بہتر خدمات انجام دینا ہیں۔

خیال رہے کہ آٹھ نومبر کو امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 218 کے مقابلے میں 288 ووٹ لے کر ملک کے 45 ویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔ انتخابات میں ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کو 218 ووٹ ملے ہیں۔