ماہرین نے ملائیشین طیارے کے بحر ہند میں تباہ ہونے کی تصدیق کر دی

Airline

Airline

پیرس (جیوڈیسک) ڈیڑھ سال قبل پراسرار طور پر گم ہوجانے والے ملائیشین طیارے کے تباہی کے مقام کا تعین ہوگیا ہے اور بحر ہند سے ملنے والے جہاز کے ملبے کے ٹکڑوں کی تجزیاتی رپورٹ کےبعد ماہرین نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ یہ ملبہ ملائیشیا کے گمشدہ طیارے ایم ایچ 370 کا ہی ہے۔

فرانس میں ہونے والے تجزیاتی لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد ماہرین نے اعلان کیا ہے کہ بحرہند کے علاقے ری یونین سے ملنے والے ٹکڑے 8 مارچ 2014 میں گم ہونے والے ملائیشیا کے طیارے ایم ایچ 370 کے ہی ہیں۔ ملائیشین ایئر لائن کی پرواز 8 مارچ 2014 کو 239 مسافروں کو لے کر کوالالمپور سے بیجنگ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

لیکن راستے سے ہی طیارہ گم ہوگیا اور اس کی پر اسرار گمشدگی لوگوں کے لیے ایک معمہ بن گئی تھی لیکن گزشتہ ہفتے ملنے والے جہاز کے ٹکڑوں سے یہ امید ہو گئی تھی کہ اب اس پراسرار گمشدگی کا پردہ چاک ہو سکے گا اور اب ماہرین نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ طیارہ اسی علاقے میں گر کر تباہ ہوا ہے۔

ملائیشین وزیراعظم نجیب رزاق نے سرکاری ٹی وی پر جہاز کے ٹکڑے ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹکڑے ملائیشیا کے گمشدہ طیارے کے ہی ہیں جس کی عالمی ماہرین کی ٹیم نے اپنی حتمی تجزیاتی رپورٹ میں تصدیق کی ہے۔