دیربالا میں دھماکا، کم از کم چھ افراد ہلاک

Police

Police

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہٴ خیبر پختونخواہ کے ضلع دیر بالا میں پیر کی شام دیسی ساخت کے ایک بم دھماکے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس اور مقامی آبادی کے مطابق امن کمیٹی سے تعلق رکھنے والے افراد ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ اُنھیں ڈوگ درہ کے علاقے میں سڑک میں نصب دیسی ساخت کے بم سے نشانہ بنایا گیا۔

اس دھماکے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی، صوبہٴ خیبر پختونخواہ میں امن کمیٹیوں سے تعلق رکھنے والے اراکین کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ایک روز قبل اتوار کی شام صوبہٴ خیبرپختونخواہ ہی کے ضلع صوابی میں عوامی نیشنل پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد شعیب کو مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

محمد شعیب یار حسین کے علاقے میں اپنے حجرے میں بیٹھے ہوئے تھے کہ ایک شخص نے حجرے میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پیر کو محمد شعیب کی نمازِ جنازہ اُن کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے پیر کو ایک بیان میں محمد شعیب کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔