کوئٹہ : سمنگلی میں پانی کی ٹینکی سے چار بچیوں کی لاشیں برآمد

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) سمنگلی میں پانی کی ٹینکی سے چار بچیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، پولیس موت کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بچیوں کی لاشیں ملنے کا واقعہ کوئٹہ کے علاقے سمنگلی میں پیش آیا جہاں ایک گھر سے پانی کی ٹینکی سے چار بچیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

مرنے والی تمام لڑکیاں ذکیہ ، فرزانہ ، پروانہ اور یاسمین بہنیں ہیں اور ان کی عمریں تین سے آٹھ سال کے درمیان ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچیوں کی موت کیسے ہوئی، انہیں پہلے زہر دے کر مارا گیا اور پھر ٹینکی میں پھینکا گیا یا انہیں ٹینکی میں ڈبو کر مارا گیا اس کی تحقیقات ہورہی ہیں اور اصل وجوہات پوسٹ مارٹم کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔

بچیوں کے والد کا کہنا ہے کہ اس کی بیوی کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ اس نے بچیوں کو قتل کرنے کے بعد ٹینکی میں پھینکا لیکن اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ بچیوں کی ماں کو زخمی حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔