فیس بک پر کالی ماتا کی توہین، بھارت میں دو مسلمان گرفتار

Arrest

Arrest

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس نے علی شیخ اور عبدل قریشی نامی دو مسلمان شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے، ان پر الزام ہے کہ دونوں نے مبینہ طور پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ہندو دیوی کالی ماتا کی توہین آمیز تصاویر شیئر کی تھیں۔

گرفتار ہونے والے دونوں مسلمان افراد کا تعلق بھارتی صوبہ مدھیہ پردیش سے ہے۔ اس فیس بک پوسٹ کیخلاف بھوپال کی ایک مذہبی تنظیم نے شکایت درج کروائی تھی جس کے بعد پولیس نے دونوں کو ٹریس کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

ہندو مذہبی تنظیم نے دھمکی دی تھی کہ نادان پرندے نامی اس فیس بک پیج کو چلانے والے افراد کو اگر جلد از جلد گرفتار نہ کیا تو سخت ردعمل سامنے آئے گا۔ پولیس کا ابتدائی تفتیش میں کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے ایک شخص نے یہ توہین آمیز تصویر بنائی جبکہ دوسرے نے اسے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پھیلایا۔

دونوں پر تعزیرات ہند کے سیکشن 295 (اے) اور 153 (اے) کے تحت مقدمے کا اندراج کیا گیا ہے۔