فیصل آباد کی خبریں 11/4/2017

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) مسلم لیگ ن کارپوریشن کے جنرل سیکرٹری شاہد محمود بیگ اور جوائنٹ سیکرٹری محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے 2018ء تک بچوں کے سکول میں 100 فیصد داخلے کا جو ہدف مقرر کیا ہے وہ انشاء اللہ ضرور پورا ہوگا کیونکہ میاں شہباز شریف کی نیت صاف اور وہ لٹریسی ریٹ کے حوالے سے پنجاب کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا ماڈل صوبہ بنانا چاہتے ہیں ،اپنے مشن کی تکمیل کیلئے وزیر اعلیٰ نے 40ارب روپے کی لاگت سے 52ہزار سے زائد سکولوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کی ہیں جس کے نتیجہ میں اب صوبہ بھر میں کوئی بھی سکول ایسا نہیں جو بنیادی سہولیات سے محرو م ہو ،انہوں نے کہا کہ سندھ کے سکولوں میں آج بھی پالتو جانور بندھے ہوئے ہیں جبکہ بلوچستان کے سکولوں میں ڈویروں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ،خیبر پختونخوا کے سکولو ں کی حالت زار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کیونکہ وہاں کے سکول کھنڈرات کی تصویر بنے ہوئے ہیں ان کی نسبت پنجاب کے سکول انتہائی خوبصورت اور جاذب نظر بنے ہوئے ہیں ،انہوںنے کہاکہ میاں شہباز شریف کو جب سے خادم اعلیٰ کا لقب ملا ہے وہ حقیقی معنوں میں خو د کو خادم تسلیم کروانے میں کامیاب ہوئے ہیں اپنے اقدامات سے انہوںنے دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو بتایا ہے کہ کام کیسے کیا جاتا ہے ،آج پنجاب کے تمام شہر ترقی کے عظیم سفر پر گامزن ہیں دیہاتوں سے لیکر منڈیوں تک کی تمام سڑکیں کارپٹیڈ بنادی گئی ہیں ،ہر ضلع میں بہترین ماڈل مویشی منڈی قائم کردی گئی ہے ،مہنگائی کے آگے بند بھاندھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام میاں شہباز شریف کو اپنا نجات دہندہ تصور کرنے لگے ہیں لہذا آنے والا دور ایک مرتبہ پھر ن لیگ کا ہے ،وفاق میں دوبارہ نواز شریف جبکہ پنجاب میں پھر شہباز شریف ہی چھائیں گے جبکہ مخالفین صرف مرلی بجائیں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد ( سٹی رپورٹر) انجمن تاجران فیصل آباد (فیڈریشن ) کے صدر رانا تجمل وحید ،جنرل سیکرٹری شاہد احمد وہر ہ اور سینئر نائب صدر محمد اشرف چوہدری نے شام پر امریکی کروز میزائل حملے کو جنگ عظیم سوئم کی ابتداء قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جب حلف اٹھایا تھا تو انہوں نے اپنے عظائم پوری دنیا پر واضع کردئیے تھے ،ابھی ان کو صدر بنے تین ماہ ہی ہوئے ہیں کہ انہوںنے شام پر حملہ کرکے اپنے عظائم کو عملی جامہ پہنایا شروع کردیا ہے ،اگرآج بھی تمام اسلامی ممالک متحد نہ ہوئے تو پھر ایک ایک کرکے تمام اسلامی ممالک پراسی طرح کروز میزائل گرتے رہیں گے ،انہوںنے کہا کہ اس خوفناک حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب دیکھنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے کیونکہ اقوام متحدہ اصل میں ” یہود نصاریٰ متحدہ ” ہے اس میں مسلمانوں کیلئے کوئی انصاف نہیں ہے ،اگر یہ مسلمانوں کیلئے کچھ کرسکتا تو آج تک کشمیر آزا د ہوچکا ہوتا اب جو ادارہ اپنی ہی منظور کردہ قرار دادوں پر عمل نہیں کرا سکتا اس کی طرف دیکھنا ہی فضول ہے ،انہوںنے کہاکہ اب اسلامی ممالک کو اپنا الگ بلاک بنانا ہوگا ،اوآئی سی بھی کسی بھی قسم کا کو ئی اچھا کردار ادا نہیں کرسکی ،اس لئے اقوام متحدہ کی طرز پرالگ بلاک بناکریہود نصاریٰ پر واضع کیا جائے کہ اپنے مفادات کیلئے ہم سب ایک ہیں اور ملکر آگے بڑھ رہے ہیں ،تاجر رہنمائوں مزید کہا کہ شام پر حملہ تمام مسلم ممالک کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے جس کو سمجھنا ہمار ے لئے بہت ضروری ہے ،امریکی حملے کو خوش آئند قرار دینا سعودی حکمرانوں کی بہت بڑی بھول ہے جس کا خمیاز ہ بھگتنا پڑسکتا ہے کسی مسلم ملک پر حملے پر خوشی کے شادیانے بجانا مسلمان کا شیوہ نہیں ہوسکتا تاہم اس حملے کی مذمت کرکے حکومت پاکستان نے امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد ( سٹی رپورٹر) انجمن تاجران الائیڈ گروپ کے صدر پرویز اقبال کموکا ،جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض ،چیئرمین ظفر اقبال سندھو ودیگر عہدیداران طارق محمود قادری ،رانا خالد محمود ،شیخ زاہد سعید ،مرزا دائود ابراہیم ،خالد محمود قاسمی ،حاجی شکیل احمد ،چوہدری غلام سرور ،میاں ابوبکر جواد ،چوہدری امین گجر ،رانا عبدالحمید اور عرفان منج نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے نجی ٹی وی چینل پر فحش گانے چلے کے معاملے کا ازخود نوٹس لیکر پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ،پیمرا کی نااہلی کے باعث ملکی الیکٹرانک میڈیا تیزی کیساتھ بے لگام ہوتا جارہاہے ،ایک وقت تھا جب ٹی وی پر مغرب اور عشاء کی اذان ہوتی تھی مگر جب سے نجی چینلز آئے ہیں یہ روایت ہی ختم ہوگی تاہم پی ٹی وی پر اب بھی عشاء اور فجر کی اذانیں ہوتی ہیں ،انہوںنے کہاکہ تقریباً تمام نیوز چینلز کو انٹر ٹینمنٹ چینلز میں تبدیل کردیا گیا ہے حالانکہ نیوز چینلز پر صرف خبریں یا تبصر ے ہی ہونے چائیں اگر شرو ع دن سے پیمرا اپنے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرواتا تو آج معاملہ اس نہج پر نہ پہنچتا مگر درختوں سے ٹوٹ کر زمین پر گرنے والے بیروں کا ابھی کچھ نہیں بگڑا اب بھی وقت ہے کہ پیمرا اپنا قانونی و آئینی کردار ادا کرے اور ایسے ٹی وی چینلز جو اخلاقیات کا جنازہ نکالنے میں ملوث ہیں ان کا یا تو قبلہ درست کریں یا ان کا لائسنس کینسل کردیں تاکہ ہماری آنیوالی نسلوں کا اخلاق تباہ نہ ہو تاجر رہنمائوں نے مزید کہا کہ انٹر ٹینمنٹ چینلز پر دوبارہ انڈین ڈرامے شروع ہوگئے ہیں جوکہ انتہائی افسوس ناک ہے حکومت اس معاملے کا سخت نوٹس لے اور فوری طور پر بھارتی کلچر پر مبنی ڈراموں کو بند کرائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سٹی صدور ممبر کور کمیٹی ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ 5سال تک بلا شراکت غیر ے اقتدار کے مزے لوٹنے والے آصف زرداری کا یہ کہا کہ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے انتہائی مضحکہ خیز ہے ،اگر زرداری کو یاد نہیں تو ہم بتائے دیتے ہیں کہ جب وہ صدر تھے تو بلوچستان میں ان ہی کی صوبائی حکومت تھی اور ان کی جماعت کے اسلم رئیسانی وزیر اعلیٰ تھے مگر آپ نے اس وقت بلوچستان کیلئے کچھ نہیں کیا تو اب جب کہ عوام نے آپ کو اور آپ کی جماعت پیپلز پارٹی کو یکر مسترد کردیا ہے تو اب آپ کیا کر سکیں گے ؟انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو سب سے زیادہ پسماندگی پیپلز پارٹی کے دور میں دیکھنے کو ملی جبکہ محرومیاں موجود ہ دور میں ملیں ،مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے قدرتی وسائل سے مالا مال رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے کیساتھ ہمیشہ سوتیلی ماہ جیسا سلوک کیا اسی سلوک کی وجہ سے ہی ہمارے بلوچی بھائی پہاڑوں پر چلے گئے اور غدار کا لقب پایا تاہم اب بلوچستان کی کایا پلٹنے کو ہے کیونکہ حالیہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے بلوچستان میں زبردست انٹری دیدی ہے ،عوام کی جانب سے ملنے والے رسپانس کے بعد یہ بات بالکل واضح ہے کہ بلوچ عوام اب ایک ہی سوراخ سے دوسری مرتبہ ڈسنے کو تیار نہیں ہیں وہ اب اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے اور ان کا فیصلہ روز روشن کی طرح عیاں ہے ،عام انتخابات میں صرف خیبر پختونخوا ہی نہیں بلکہ دیگر صوبوں میںبھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی جبکہ وفا ق میں عمران خان کی قیادت میں حکومت بنے گی جس کے بعد تمام تر توجہ صرف اور صرف بلوچستان پر مرکوز ہوگی تاکہ یہاں کے عوام کا معیار زندگی بلند کیا جاسکے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد(سٹی رپورٹر) اسلام آباد دھرنے کیخلاف صرف پیپلز پارٹی ہی نہیں بلکہ تمام پارلیمانی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی تھیں اس لئے وزیر اعظم کی مستعفی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اس سلسلہ میں خورشید شاہ جیسے سیاستدان کا بیان افسوس ناک اور مضحکہ خیز ہے ،اگر اس وقت کے حالات میں میاںنوازشریف استعفیٰ دے دیتے تو خدانخواستہ پاکستان سے جمہوریت کا جنازہ نکل جاتا ،ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل میا ں نے اپوزیشن لیڈر کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے علاوہ جماعت اسلامی ،پیپلز پارٹی ،جے یو آئی ،ا ے این پی ،ایم کیو ایم ،جے ڈبلیو پی وغیرہ نے جمہوریت کو بچانے کیلئے بلاشبہ تاریخی کردار ادا کیا مگر اس سار ے معاملے کو کسی ایک جماعت کا معاملہ قرار نہیں دیا جاسکتا ،یہ بات کوئی بھول نہیں سکتا کہ اعتزاز احسن سمیت پیپلز پارٹی کے کئی رہنمائوں نے جوائنٹ سیشن کے دوران حکومت کو بلیک میل کر نے کی بھرپور کوشش کی تھی مگر ہمارے نڈروزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے یہ تمام کوششیں ناکام بنادیں تو آج کس منہ سے خورشید شاہ پیپلز پارٹی کو ہیرو قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں ،انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور اقتدار میں صرف پنجاب حکومت سراپا احتجاج بنی تھی مگر میاں نوازشریف نے جمہوریت کی خاطر حکومت کو نہ صرف برداشت کیا بلکہ ان کی بھرپور سپورٹ بھی کی کیونکہ مسلم لیگ ن ہر قیمت پر جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتی تھی ،اسلام آباد دھرنے کے دوران پیپلز پارٹی نے اگر وہی کردار ادا کیا تو اس میں احسان جتلانے والی کوئی بات نہیں ،اگر کبھی یہ وقت دوبارہ پیپلز پارٹی پر آیا تو میاں نوازشریف وہی کردار ادا کریں گے جو پہلے کیا تھا ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد(سٹی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف پی پی 65 کے رہنما و ریجنل نائب صدر چوہدری ظفر اقبال سندھو نے کہا ہے کہ ملٹری کورٹ نے بھارتی ”را” کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کو پھانسی کی سزا سنا کر اہل پاکستان کے دلوں کی ترجمانی کی ہے۔ اس فیصلہ نے نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھرمیں موجود پاکستانی دشمنوں کو ایک کھلا پیغام دیدیا ہے کہ اگرکسی نے اس پاک سرزمین کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کا انجام کیا ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی خواہش تھی کہ کل بھوشن کے معاملے میں بھارت کیساتھ اندرون خانہ کوئی بات چیت ہو جائے تاکہ ان کا بھارت کے ساتھ جوکاروبار چل رہا ہے اسے کوئی نقصان نہ پہنچے مگر ہماری بہادر اور نڈر فوج نے حکمرانوں کی اس خواہش کو اپنے پائوں تلے روندتے ہوئے ایک ملک دشمن کو تختہ دار پر چڑھانے کا فیصلہ سنا دیا، انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کی جانب کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اگر کوئی ایسی خواہش کرے گا تو اس کی آنکھیں پھوڑ دی جائیں گی، بھارتی خفیہ ایجنسی ”را” نے ہمیشہ ایسی پالیسیاں اختیار کی ہیں کہ جس کے نتیجے میں پاکستان کو نقصان پہنچے مگر اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ افواج پاکستان نے بھارتی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی کی تمام سازشیں اسی پر پلٹ دیں جو کہ پوری قوم کیلئے حوصلہ افزاء ہے ، موجودہ حکمرانوں سے خبر کی توقع تو نہیں تاہم فوج کی موجودگی میں موجودہ حکمرانوں کی دال کسی صورت نہیں گلے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی رہنما شیراز کاہلوں نے کہا ہے کہ بھارتی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی”را”کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو ملٹری کورٹ نے موت کی سزا سنا کر مودی سرکار کو دو ٹوک جواب دیدیا ہے کہ پاکستان میں دشمنی کی نیت سے داخل ہونے والوں کا آخری ٹھکانہ صرف تختہ دار ہوگا’عمران خان’شیخ رشید اور اس جیسے دیگر ناسمجھ سیاستدان جو یہ کہتے نہیں تھکتے تھے کہ حکومت کلبھوشن کے معاملے میں بیک ڈور مذاکرات کررہی ہے۔ان کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں موجود مسلم لیگ(ن) اور میاں نواز شریف صرف وطن کا مفاد دیکھتے ہیں۔کہانیاں سنا کر مداری کرنے اور دھرنے کے نام پر میوزیکل شو سجانے والے بے پردگی اڑا کر صرف تماشا دیکھتے ہیں یا وطن عزیز میں انتشار پھیلاتے ہیں۔کلبھوشن یادیو”را”کا حاضر سروس افسر تھا اس کیخلاف کارروائی کرنے سے پہلے تمام قانونی و سفارتی تقاضے پورے کرنا بہت ضروری تھا اس سلسلہ میں حکومت نے نہ صرف اقوام متحدہ’یورپین یونین’امریکہ بلکہ بھارت کو بھی ڈوزیئر بھجوائے تھے۔بعد ازاں یہ کیس ملٹری کورٹ کو بھجوا دیا گیا جہاں سے اس ملک دشمن کو سزائے موت سنادی گئی ہے۔انشاء اللہ بہت جلد اسے تختہ دار پر چڑھا دیا جائیگا لہٰذا عوام اس چیپٹر کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند ہی سمجھیں۔آئندہ کوئی ملک دشمن پاکستان داخل ہونیکی جرات نہیں کرسکے گا۔