فیصل آباد کی خبریں 20/6/2017

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد: میونسپل کارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر شیراز کاہلوں نے پاکستان کو چیمپئنز کا چیمپئن بننے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ ہماری ٹیم نے بھارت کو آئوٹ کلاس کیا اور یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے تاہم اس کے ساتھ قوم کی دعائوں کا بھی بڑا عمل دخل ہے۔ اتوار کے روز پوری قوم پاکستانی ٹیم کی جیت کے لیے سجدہ ریز رہی اور دعائیں مانگنے کا سلسلہ جاری رہا۔ اﷲ تبارک وتعالیٰ کو اتنی شدید گرمی میں اپنے بندوں کی روزے کی حالت میں گریہ زاری پسند آئی اور اس نے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا اور پاکستان کئی اعلیٰ رینکنگ کی ٹیموں کو روند کر فائنل میں پہنچا اور دیکھتے ہی دیکھتے چیمپئنز کا چیمپئن بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حسن اتفاق ہی ہے کہ جب پاکستان ورلڈ کپ جیتا تو اس وقت بھی ماہ مقدس تھا اور آج بھی جب چیمپئنز ٹرافی جیتا تو پھر ماہ صیام تھا، قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے ہمیں دعا کرنی چاہیے کہ تمام بڑے ایونٹ اسی طرح رمضان المبارک میں ہی کھیلے جائیں تاکہ پاکستانی ٹیم اسی طرح اعزازت پاتی رہے اور قوم کو بڑے بڑے تحفے دیتی رہے۔ بلاشبہ عید سے قبل اتنی بڑی خوشی نے عید کی تمام خوشیاں دوبالا کر دی ہیں۔ قوم کے چہرے دھمک اٹھے ہیں۔ ابھی تو اﷲ نے یہ پہلی خوشی دی ہے۔ عنقریب پاناما کیس کا فیصلہ بھی آنے والا ہے اس میں قوم کو اس سے بھی بڑی خوشخبری ملے گی اور ہمارے قائدین اﷲ اور قوم کے آگے سرخرو ہوں گے۔

فیصل آباد () انجمن تاجران فیصل آباد (فیڈریشن) کے صدر رانا تجمل وحید’ جنرل سیکرٹری شاہد احمد وہرہ’ سینئر نائب صدر محمد اشرف چوہدری ودیگر عہدیداران میاں ریاض جاوید’ چوہدری عبدالغفور’ حاجی ظہیر الدین’ میاں سہیل رفیع’ چوہدری اقبال وزیر اور حاجی اعجاز حسن نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں جیت کو قوم کی دعائوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی میچ میں بھارت سے بری طرح شکست کھانے کے بعد کوئی نہیں سوچ سکتا تھا کہ 8ویں نمبر کی یہ ٹیم دوسرے’ تیسرے اور پانچویں نمبر کی ٹیموں کو ہرا کر ورلڈ نمبر ون کے ساتھ مقابلے میں اترے گی اور سرخرو ہو گی۔ اتوار کے روز ایک تو شدید گرمی اور اوپر سے روزہ تھا۔ مسلمانوں نے روزہ رکھ کر اﷲ تعالیٰ سے گڑ گڑا کر دعائیں کیں تو اﷲ تبارک وتعالیٰ کو اپنے بندوں پر ترس آ گیا اور جس طرح ابابیلوں کے ہاتھوں ہاتھیوں کو مروایا تھا اسی طرح سب سے آخری نمبر کی ٹیم کے ہاتھوں پہلے نمبر کی ٹیم کو حزیمت کا سامنا کروا دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پوری قوم کو یہ اچھی خبر ملی ہے۔ ہماری دعا ہے کہ قوم کو اسی طرح اچھی سے اچھی خبر ملتی رہے تاکہ جس بے چینی اور کرب سے یہ گزر رہی ہے اس کا خاتمہ ہو سکے۔ اگر عوام خوش ہوں گے تو ملک ترقی کریگا۔ معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہو گی۔ اﷲ سے دعا ہے کہ پاناما کا فیصلہ بھی جلد آ جائے تاکہ بے چینی کا خاتمہ ہو اور لوگ بہتر طریقے سے اپنے کام کاج کی جانب توجہ دے سکیں۔

فیصل آباد () مسلم لیگ (ن) پی پی68 کے سینئر نائب صدر حافظ شیخ سعید اسلم نے آئی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی تاریخ ساز فتح کو اﷲ کریم کی جانب سے رمضان المبارک کا بہترین تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم پاکستانی ٹیم کیلئے دعاگو تھی جو کہ ورلڈ نمبر ون ٹیم کیخلاف نبردآزما تھی۔ بھارتی سورمائوں کا غرور خاک میں ملانے والا کوئی نہیں مگر رینکنگ میں 8ویں پوزیشن رکھنے والی ٹیم نے پہلے نمبر کی ٹیم کو چاروں شانے چت کر کے عوام کو عید سے قبل عید کا تحفہ دیکر ان کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا جس پر آج پوری قوم سجدہ سربسجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ فخر زمان تو صرف ایک اننگز کھیل کر پوری قوم کا فخر بن گئے تاہم محمد عامر’ حسن علی کیساتھ ساتھ محمد حفیظ اور اظہر علی کی کارکردگی بھی کسی صورت کسی سے کم نہیں رہی۔ حسن علی کا گولڈن بال حاصل کرنے اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کہلوانا پوری قوم کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ سرفراز احمد نے عمدہ کپتانی کی مجموعی طور پر یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس پر جتنا بھی فخر کیا جائے وہ کم ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نچلے درجے کی ٹیم کہنے والوں کی آج بولتی بند ہو چکی ہے۔ پاکستان نے نہ صرف چیمپئنز ٹرافی جیتی بلکہ ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کر لیا اور رینکنگ میں بھی چھٹی پوزیشن حاصل کر لی اگر ٹیم کی کارکردگی میں یہی تسلسل رہا تو وہ دن دور نہیں جب پاکستانی ٹیم ورلڈ نمبر1 کہلوائے گی ۔ قوم کی دعائوں سے یہ دن بہت جلد آئے گا۔