فیصل آباد کی خبریں 9/5/2017

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : پاکستان پیپلز پارٹی پی پی 69 کے ٹکٹ ہولڈر رانا سیف خالد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا کوئی مرکزی یا صوبائی عہدیدار پارٹی کو چھوڑ کر کہیں نہیں جا رہا۔ سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم کرنے والے دراصل عوام کی توجہ حکومتی کرپشن سے ہٹا کر پیپلز پارٹی کی مستحکم ہوئی تنظیم کی جانب مبذول کروانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر وہ ہر سطح پر ناکام ہونگے اور انہیں ماسوائے ناکامی کے اور کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کیساتھ ملکر ہنگامہ آرائی کرنیوالی (ن) لیگ یاد رکھے ہم نے پنجاب اسمبلی میں کبھی ایسا ماحول نہیں بنایا تاہم اگر یہ لوگ اس قسم کی حرکتوں سے باز نہ آئے یو پھر ہم بھی تخت لاہور کو ہلانے کیلئے نعرہ مستانہ بلند کر دیں گے جس کے بعد ان نام نہاد شریفوں کو پچھتانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور ملکی سلامتی کیلئے ہم ہر طرح سے مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں مگر ہماری اس پالیسی کو ہماری کمزوری تصور نہ کیا جائے کیونکہ ہم شہداء کی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ شہادت پیپلز پارٹی کے ہر کارکن کی خواہش ہوتی ہے اور ہم اپنی اس خواہش سے کسی صورت بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ آخر میں رانا سیف خالد نے کہا کہ رواں برس ہی انتخابات کا سال ثابت ہو گا اور پیپلز پارٹی ان انتخابات میں حیرت انگیز رزلٹ دے گی۔

فیصل آباد ( ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام نے کہا ہے کہ عمران خان سڑکوں پر آکر تو بڑی بڑھکیں مارتے ہیں مگر جب اُن کوعدالت میں طلب کیاجاتا ہے تو ان کے وکیل معافی مانگنے پہنچ جاتے ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان صرف رواں سال کے ہی نہیں بلکہ رواں صدی کے بھی سب سے بڑے جھوٹے اور الزام تراشی کی سیاست کے ماہر ہیں تاہم اب ان کی اس گندی سیاست کو اٹھا کر سرحد پار پھینکنے کا وقت آگیا ہے، خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ان کو دس ارب روپے کا دعویٰ برائے ہتک عزت کا نوٹس بھجوادیا ہے بہت جلد اس شخص کو چالاکیوں کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوٹے گا اور عوام اس کی اصل شکل دیکھیں گے ، انہوں نے کہا کہ دوسروں کی پگڑیاں اچھال کر اور جھوٹے الزامات لگا کر کوئی بھی اقتدار حاصل نہیں کر سکتا ، اقتدار حاصل کرنے کیلئے کچھ کرکے دکھانا ہوتا ہے اور شریف برادران گزشتہ 4 برس سے مسلسل اپنی کارکردگی دکھا رہے ہیں اس لیے ہم عمران خان سے یہ سوال ضرور پوچھتے ہیں کہ اب ”تیرا کیا ہوگا کالیا” انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے کا اگر ورلڈ کپ کروایا جائے تو امید کی جاسکتی ہے کہ عمران خان ایک دو یا چار نہیں بلکہ جب تک زندگی ہے ہر بار چیمپئن بنیں گے کیونکہ وہ اکیلے نہیں بلکہ ان کے اردگرد کھڑے دیگر لوگ بھی اس کھیل میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے ۔

فیصل آباد( ) انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے صدر پرویز اقبال کموکا، جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض ، چیئرمین ظفر اقبال سندھو، سینئر نائب صدر طارق محمود قادری و دیگر عہدیداران کا خالد محمود ، مرزا دائود ابراہیم، شیخ زاہد سعید ، خالد محمود قاسمی، چوہدری غلام سرور ، حاجی شکیل احمد رانا عبدالحمید ، میاں عابد ، شکیل عابد بھٹی اور عرفان منج نے کہا ہے کہ افغانستان نے ایک مرتبہ پھر احسان فراموشی کی بدترین مثال قائم کرکے ثابت کر دیا ہے کہ حضرت علیٰکا قول بالکل درست تھا کہ جس پر احسان کرو اس کے شر سے بھی ڈرو، پاکستان ایک طویل عرصہ سے لاکھوں افغانیوں کو نہ صرف پاکستان میں پناہ دیئے ہوئے ہے بلکہ ان کی بہترین مہمانداری بھی کررہا ہے مگر وہ بھارت کے ایماء پر جس قسم کے اقدامات کررہا ہے وہ قابلِ معافی نہیں ہیں، حکومت ہر قسم کی ہمدردی کو کھرچ کردل سے باہر نکال کر وطن عزیز میں مقیم تمام افغانیوں کو سرحدپار دھکیل دے یا پھر انہیں بھارت کے حوالے کردے تاکہ اسے بھی معلوم ہوسکے کہ اپنے بچوں کا پیٹ کاٹ کر دوسروں کو کس طرح پالا جاتا ہے، تاجر رہنمائوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے 11 کے بدلے 54 لاشیں گرا کر ان دشمن نما دوستوں کو بہترین سبق سکھایا ہے تاجر برادری اپنی بہادر فوج کو سلام پیش کرتے ہیں ، امید کرتی ہے کہ آئندہ بھی دشمنوں کو اسی طرح کرارا جواب دیتی رہے گی۔

فیصل آباد( )پاکستان تحریک انصاف سٹی کے نائب صدر رانا جاوید اشرف نے کہا ہے کہ اب تو وزیر اعظم نے اعتراف کرلیا ہے کہ ملک میں اتنے گھپلے ہیں کہ ان کا حساب کرنا مشکل ہے ۔وزیر اعظم کا اعتراف عمران خان کے اس موقف کی تائید ہے کہ جس میں انہوں نے 25سال قبل الزام لگایا تھا کہ وطن عزیز میں کرپشن پھل پھول رہی ہے۔اور ہر ادارہ کرپٹ ہو چکا ہے۔موجودہ دور حکومت میں کرپشن نے کئی درجے ترقی کرکے وطن عزیز کو کرپٹ ترین ممالک کی فہرست میں ٹاپ ٹین کے اندر پوزیشن دلوائی اسی وجہ سے آج بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے کتراتے ہیں۔ویسے بھی جن حکمرانوں نے خود بیرون ممالک انوسٹمنٹ کررکھی ہے ایسے حکمرانوں پر کوئی اعتبار کس طرح کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ کہنا کہ ایک وقت آئے گا جب کرپٹ افراد کا حساب ہوگا تو ہم ان کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ وقت آئے گا نہیں بلکہ کب کا آچکا ہے مگر یہ وقت آنے سے ان کا وقت خراب ہوگیا ہے۔کوئی حساب دے یا نہ دے مگر آپ کا احتساب ضرور ہوگا۔بیرون ممالک میں پڑی آپکی اور آپ کے ”سنگیوں ”کی ایک ایک پائی کا نہ صرف بھرپور حساب ہوگا بلکہ وہ دولت و طن عزیز میں واپس لا کر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ بھی کی جائیگی۔