عقیدہ ختم نبوتۖ کا دفاع ایمان کی اساس ہے، علامہ ڈاکٹر وقاص ہاشمی

Karachi

Karachi

کراچی: جمعیت علماء پاکستان ضلع شرقی کے اہم رہنما علامہ ڈاکٹر وقاص ہاشمی صاحب نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کا یہ متفقہ عقیدہ اور نظریہ ہے کہ حضوراکرم ۖ خاتم النبین ہیں اور ان کے بعد کوئی نبی اور رسول نہیں آئے گا، اللہ عزوجل نے اپنے محبوب نبی کو مبعوث کرنے کے بعد وحی کا سلسلہ تا قیامت ختم کردیا ہے، اب کوئی شریعت اور کوئی صحیفہ یا کتاب نازل نہیں ہوگی، قرآن کریم کے واضح احکامات کے مطابق اللہ عزول نے دین اسلام کو چن لیا ہے اور اب یہ دین تمام عالم کے لئے مکمل دین ہے، انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام عظیم الشان ختم نبوتۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان ضلع شرقی کے اہم رہنما علامہ ڈاکٹر وقاص ہاشمی صاحب نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوتۖ کا دفاع ایمان کی اساس ہے، حضور اکرم ۖ نے واضح الفاظ میں فرمایا تھا کہ لا نبی بعدی یعنی میرے بعد کوئی نبی نہیں ہوگا، ختم نبوتۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی صدر محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا کہ احادیث کے مطابق امت محمدی ۖ میں ستر کذاب پیدا ہونگے جو نبوتۖ کا دعویٰ کرینگے مگر خلیفہ اول صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا فیصلہ ہے کہ جھوٹے نبوت کے دعویداد کے خلاف جہاد کیا جائے گا۔

اسلام کی اندرونی ساخت کو کمزور کرنے کے لئے مشرکین اور اسلام دشمن عناصر نے ہر دور میں امت مسلمہ کو جھوٹے نبوت کے دعویداروں کے ذریعے گھیرنے کی کوشش کی جس میں وہ ہر دور میں ناکام ہوئے ، اسلام کے پہلے کذاب مسیلمہ کے خلاف باقائدہ اعلان جہاد جناب خلیفہ اول حضرت سیدنا صدیق اکبر نے کیا اور اسلام کے ممکنہ آخری کذاب یعنی مرزا غلام قادیانی کے خلاف اعلان جہاد اور آئینی وقانون تحریک کا آغاز و اختتام بھی سیدنا صدیقی اکبر کے گھرانے کے چشم و چراغ یعنی امام انقلاب امام شاہ احمد نورانی صدیقی نے کیا، ختم نبوتۖ کانفرنس کی صدارت کرنے والے انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری نبیل مصطفائی نے کہا کہ ختم نبوتۖ اور ناموس رسالتۖ کا معاملہ مسلمانوں کی ریڈ لائن ہے، اسے عبور کرنے والوں کے خلاف بار بار تحریک چلائی جائے گی، اسلام دشمن عناصر کو اسلام کے خلاف تفرقہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے، اسلام ذمی اور اقلیتی لوگوں کے حقوق کا ضامن اور محافظ ہے مگر مشرک اور مرتد کے لئے اسلام میں سزا صرف موت ہے، انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے ناظم سیف الاسلام نے کہا کہ شہر بھر میں اس سال ختم نبوتۖ کانفرنس کا جال بچھارہے ہیں، ہر ٹائون میں دو کانفرنس منعقد کی جائیں گی اور عوام کو عقیدہ ختم نبوتۖ کی تعلیمات دی جائیں گی، اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ، بابر مصطفائی نے کہا کہ ستمبر کے مہینے میں انجمن طلبہ اسلام کے زیر اہتمام پورے ملک میں عقیدہ تحفظ ختم نبوتۖ مہم چلائی جا رہی ہے، پہلی ستمبر سے تیس ستمبر تک ملک کے ہر شہر میں ختم نبوتۖ کانفرنس منعقد کی جائے گی، کانفرنس سے کراچی ڈویژن کی کابینہ کے دیگر ذمہ داران بابر مصطفائی، فراز رضا، عمران مدنی، اسامہ اعظی، سید صہیب، عزیر ہزاروی اور دیگر طلبہ رہنمائوںنے خطاب نے بھی اظہار خیال کیا۔

میڈیا سیل انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن