جھوٹی ایف آئی آر ختم نہ کی گئی تو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے دھرنہ دیا جائیگا

JKNAP UK

JKNAP UK

لیوٹن برطانیہ (نمائندہ خصوصی) لاٹھی چارج ‘ جھوٹے مقدمات اور گرفتاریاں ہمارا راستہ روک سکتیں۔ ہم نے ہر دور میں ظلم کے خلاف آواز حق بلند کی ہے اور کرتے رہیں گے ۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن کے کارکنان دانش لیاقت اور عدیم الطاف پر جعلی اور بے بنیاد مقدمے میں ضمانت منسوخ کر کے گرفتار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ریاستی جبر اور قانون کے ناجائز اور جانبدارانہ استعمال سے آزادی پسندوں کو دبایا نہیں جا سکتا۔

پاکستانی نیشنل ایکشن پلان کے تحت باشندہ ریاست پر پاکستان سے غداری کا مقدمہ کیسے چلایا جا سکتا ہے جب وہ کسی بھی قانون، آئین اور معاہدے کی رو سے پاکستان کا شہری نہیں ہے۔ سیاسی اور جمہوری آوازوں کو ریاستی جبر اور جعلی مقدمات سے دبانے کے نتائج ہمیشہ خطرناک ہوتے ہیں۔دونوں کارکنان پر جعلی مقدمہ ختم کر کے فوری رہا کیا جائے۔

ان خیات کا اظہار جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما شوکت مقبول بٹ ‘نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کے صدر محمود کشمیریِ نیپ برطانیہ جنرل سیکرٹری آصف مسعود چوہدری نے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کی جھوٹی ایف آئی آرز اور گرفتاریاں ہمیں ہمارے مقاصد سے نہیں ہٹا سکتیں ریاست جموں کشمیر کی وحدت کی بحالی ، مکمل آزادی و خود مختاری ، خوشحالی اور ریاست میں غیر طبقاتی نظام کے قیام کے لئے جدو جہد کرنے والے سپاہی ہی شہدا کے حقیقی وارث ہیں۔

جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنماؤں پر جھوٹی ایف آئی آر کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور دونوں کارکنان دانش لیاقت اور عدیم الطاف کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتی ہے اور یہ مطالبہ بھی کرتی ہے کہ آزادی پسند کارکنان پر اس قسم کے تمام مقدمات فوری ختم کئے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ جھوٹی ایف آئی آر ختم نہ کی گئی تو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے دھرنہ دیا جائیگا ۔ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی نے ہر دور میں زیادتی کے خلاف آواز حق بلند کی ہے اور کرتے رہیں گے اورجموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی مادر وطن ریاست جموں کشمیر کی وحدت ،آزادی خودمختاری ، خوشحالی کے لئے اور ریاست جموں کشمیر میں ظلم ، جبر ، فرسودگی ، دولت پسندی، اور استحصالی قوتوں کے خلاف اپنی جدو جہد جاری رکھے گی۔