کھلے عام روزہ خوری اللہ کے عذاب کو دعوت ہے،مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ کھلے عام روزہ خوری رمضان المبارک کے تقدس کی پامالی ہے اور اللہ کے عذاب کو دعوت ہے ، جس طرح رمضان میں روزہ فرض ہے اسی طرح رمضان کے تقدس کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔

ہیٹ اسٹروک سینٹرز میں مبینہ طور پرسرعام روزہ کھانا رمضان کے تقدس کی پامالی ہے، حکومت رمضان المبارک ایکٹ پر عمل درآمد کرائے ۔ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمدنعیم نے کہاکہ رمضان المبارک عظیم اور بابرکت مہینہ ہے اس مہینے میں اللہ تعالیٰ نے رحمتوںکی لوٹ سیل لگائی ہے،جس طرح رمضان المبارک کے روزے فرض کیے گئے ہیں اسی طرح اس کے تقدس کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل میں روزہ خوری کی وبا عام ہوتی جارہی ہے اورشہر ودیہات کی تفریق کیے بغیر نوجوان رمضان کے تقدس اور روزوں کی حرمت پامال کرتے ہوئے برملا کھاتے پیتے دکھائی دیتے ہیں اور اسی طرح شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے عام مختلف ٹھیلوں اور ہیٹ اسٹروک سینٹرز میںمبینہ طورپرصحت مندافراد روزہ خوری کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں

عذر شرعی کے بغیر روزہ خوری گناہ کبیرہ اور سرعام کھانا رمضان المبارک کے تقدس کی پامالی ہے،انہوںنے کہاکہ رمضان المبارک میں سرعام روزہ خوری اعلانیہ گناہ کا ارتکاب ہے ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ ”: میری امت کا ہر فرد معاف کردیا جائے گا سوائے ان لوگوں کے جو علانیہ گناہوں کاارتکاب کرتے ہیں۔

جو رمضان میں ایک دن بھی بغیر عذر شرعی اور بیماری کے روزہ نہیں رکھے گا اگر وہ پورے زمانے روزہ رکھتا رہے تو اس کی تلافی نہیں ہوسکتی،اللہ تعالی ان لوگوں کو ہدایت دے جو رمضان کے روزوں کا اہتمام نہیں کرتے اور کھلے عام روزہ خوری کا ارتکاب کرکے اللہ کے غیض و غضب کو دعوت دیتے ہیں۔مفتی محمد نعیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ رمضان المبارک ایکٹ پر عملدرآمد کرکے ماہ مبارک کے تقدس کوپامال کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائے۔