فاسٹ بولر محمد عامر کو نیوزی لینڈ کا ویزہ مل گیا

Mohammad Amir,

Mohammad Amir,

لاہور (جیوڈیسک) سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کھلاڑی محمد عامر کو بالاخر نیوزی لینڈ کا ویزہ مل گیا ہے۔ اب وہ قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کھیلنے جا سکیں گے۔ دبئی میں نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے محمد عامر کو ویزہ دینے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اہم تفصیلات طلب کی تھیں۔

ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے سپاٹ فکسنگ کیس، آئی سی سی کے فیصلے کی تفصیلات، برطانوی عدالت کے فیصلے کی کاپی، محمد عامر کی جائیداد، بینک اکاﺅنٹس اور جیل کا ریکارڈ بھی طلب کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے تمام تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد محمد عامر کو ویزہ جاری کر دیا ہے۔

محمد عامر پندرہ جنوری کو آک لینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوینٹی میں ان ایکشن ہونگے۔ ہیڈ کوچ وقار یونس محمد عامر کی واپسی کے حوالے سے پرجوش ہیں۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ محمد عامر پابندی ختم ہونے کے بعد صحیح راستے پر چل رہے ہیں۔ اگر فاسٹ بولر میدان میں جارحانہ انداز اختیار نہیں کرے گا تو وہ مکمل فاسٹ بولر نہیں ہے۔ معاملے پر ٹھنڈے دماغ سے سوچنے کی ضرورت ہے۔