فاسٹ فوڈ اور برگر کینسر کی وجہ بن سکتے ہیں، ماہرین صحت

Fast Food Burger

Fast Food Burger

برگر اور فاسٹ فوڈ کے شوقین یہ جان لیں کہ ان کی اس عادت سے خون کے خلیات بگڑ سکتے ہیں اور ان میں کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہو جاتا ہے۔

برطانیہ کی سوانسیا یونیورسٹی کے ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ تازہ پھلوں، سبزیوں اور کھانوں میں اینٹی آکسیڈنٹس کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے ۔ دوسری جانب فاسٹ فوڈز میں یہ اجزا نہیں ہوتے اور ان کی کمی جسم اور خون کے خلیات کو متاثر کرتی ہے۔ یہاں تک کہ جنک فوڈ خون کے خلیات کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔

خون کے خلیات ( سیلز) ہی پھیپھڑوں کی آکسیجن جسم میں ہر مقام تک پہنچاتے ہیں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کو خارج کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق خون کی خلیات کی صحت جسم کی اہم خبرنامہ ہوتی ہے۔

سوانسیا یونیورسٹی میں آنتوں اور ہاضمے کے ماہرین اور کینسر پر کام کرنے والے سائنسداں کہتے ہیں کہ خون کے خلیات خراب خوراک کی فوری نشاندہی کرسکتے ہیں چونکہ یہ خلیات ہڈیوں کے گودے میں پیدا ہوتے ہیں اسی لیے خراب غذا انہیں متاثر کرتی ہے۔

ایک صحتمند شخص کے جسم میں بھی 10 لاکھ خلیات میں سے 3 سے 5 خلیات تبدیل شدہ یا متاثرہ ہوسکتے ہیں۔ جو لوگ پھل اور سبزیاں نہیں کھاتے ان میں یہ تبدیلی دُگنی ہوسکتی ہے۔ اس طرح آگے چل کر یہ کینسر سمیت کئی امراض کی وجہ بن سکتے ہیں۔