فاٹا کے اساتذہ کے اپ گریڈیشن کیلئے جدوجہد میں ساتھ دینا فاٹا پارلیمنٹیئرینز کی ذمہ داری تھی

Mohmand Agency News

Mohmand Agency News

مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ سے) مہمند ایجنسی، فاٹا کے اساتذہ کے اپ گریڈیشن کیلئے جدوجہد میں ساتھ دینا فاٹا پارلیمنٹیئرینز کی ذمہ داری تھی۔ معماران قوم بچوں کی بہترین تربیت کے ساتھ عوام میں حقوق حاصل کرنے کا شعور بیدار کریں۔ فاٹا اصلاحات سازشوں کا شکار ہے۔ حالت حاضرہ میں اجتماعی ذمہ داری قانون نا قابل عمل ہے۔ پاک چائنا اقتصادی راہداری میں فاٹا شامل کر لیا گیا ہے۔ باجوڑ سے وزیر ستان تک لنک روڈ اور مہمند ماربل انڈسٹریل زون اقتصادی راہداری کے فیز ٹو میں شامل کر لئے گئے ہیں۔

مہمند باجوڑ بھی فاٹا پارلیمنٹیئرینز کے مینڈیٹ میں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی میں فاٹا کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے الحاج شاہ جی گل ، جی جی جمال کے نمائندہ اعجاز اورگزئی، جماعت اسلامی فاٹا کے امیر صاحبزادہ ہارون الرشید، قومی وطن پارٹی فاٹا کے چیئر مین ملک حاجی طاہر اکبر کوڈا خیل، تنگی چارسدہ کے ناظم یحییٰ خان مہمند، تنظیم اساتذہ کے صوبائی صدر خیر اللہ خواری، آل فاٹا ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر خان مالک مسعود، پی پی پی فاٹا کے آرگنائزر غنی گل محسود، آصف خان آفریدی، جنگریز خان مہمند، نثار خان، ڈاکٹر فاروق افضل نے وطن پال اساتذہ مہمند ایجنسی اور تنظیم اساتذہ مہمند ایجنسی کے زیر اہتمام فاٹا اساتذہ کو اپ گریڈیشن کے اظہار تشکرجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے فاٹا اساتذہ کو اپ گریڈیشن مطالبہ پورا کیا جو کہ مثالی اتفاق اور جدوجہد کا نتیجہ تھا۔ ہم آئندہ کیلئے بھی جائز حقوق کا مل کر دفاع کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو آئین اور عدالت تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے۔

چالیس ایف سی آر اور اجتماعی سزائیں انسانی حقوق سے متصادم ہے اس لئے جلد ختم کیا جائے۔ اس لئے فاٹا کے سیاسی ، سماجی لیڈر شپ اور عمائدین مشترکہ کوششوں اور اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات کی راہ میں تمام سازشیں ناکام بنائی جائیگی۔ سیاسی پارٹیاں اور منتخب عوامی نمائندے مثالی اتفاق اور اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں فاٹا کو شامل کر لیا گیا ہے۔ جس میں باجوڑ خار سے جنڈولہ وزیرستان تک لنک روڈ ، مہمند انڈسٹریل زون سمیت بے شمار ترقیاتی منصوبے اس کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کی متاثرین کی بحالی اور دوبارہ آباد کاری کیلئے سو ارب روپے مختص ہو چکے ہیں۔ جبکہ مہمند باجوڑ روڈ کی تعمیر کیلئے بھی مرکز سے فنڈ کی منظوری حاصل کی جاچکی ہے۔

اساتذہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ اپر مہمند حسیب الرحمن خلیل، مہمند ایجنسی ایجوکیشن آفیسر سعید گل، باجوڑ ایجوکیشن آفیسر محمد اسلم، تنظیم اساتذہ مہمند ایجنسی کے صدر دست علی خان، وطن پال اساتذہ مہمند ایجنسی کے صدر مرجان علی اور دیگر اساتذہ رہنماؤں نے اپ گریڈیشن کا حق تسلیم کرانے میں جاندار کردار پر فاآ پارلیمنٹیئرینز بالخصوص ایم این اے الحاج شاہ جی گل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فاٹا اساتذہ کی طرف سے اعلان کیا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے باؤجود رمضان المبارک کے بعد فاٹا اساتذہ اپنے سکولوں میں مفت ٹیوشن پڑھائینگے۔ تاکہ متاثرہ پڑھائی کور ہو اور داخلہ مہم کے بچوں کا مطلوبہ ہدف پورا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اپنی ڈیوٹیاں پوری ایمانداری سے انجام دینگے۔ اور فاٹا کی شرح تعلیم اور معیار تعلیم کو بلند ی پر پہنچا کر دم لینگے۔