ناکردہ گناہ معاف، احمد شہزاد کی ٹیسٹ میں واپسی متوقع

Ahmad Shehzad

Ahmad Shehzad

کراچی (جیوڈیسک) اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کے ناکردہ گناہ معاف ہوگئے، سلیکٹرز ان پر ٹیسٹ فارمیٹس کے دروازے بھی کھولنے پر غور کر رہے ہیں، سری لنکا کیخلاف میچز کی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

شعیب ملک اور محمد سمیع کی سینئر فارمیٹ میں واپسی کے حوالے سے فیصلہ نہ ہوسکا،محمد عرفان کو صرف محدود اوورز کے میچز ہی کھلائے جائیں گے، سعید اجمل کے انتخاب کا کوئی امکان نہیں ہے، چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ راحت علی اور احسان عادل کی میڈیکل رپورٹس ملتے ہی اسکواڈ کا اعلان کردیا جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے سری لنکا سے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان 48 گھنٹوں میں متوقع ہے جس میں ممکنہ طور پر اوپنر احمد شہزاد کی واپسی ہوگی، انھیں ورلڈ کپ کے بعد ہیڈ کوچ وقار یونس اورمصباح الحق کی رپورٹ پر ٹیم سے باہر کردیا گیا۔

مگر شاہد آفریدی انھیں ٹوئنٹی 20 ٹیم میں شامل کرانے میں کامیاب رہے تھے، انھیں زمبابوے سے سیریز کے ون ڈے اسکواڈ میں رکھا گیا مگر کوئی میچ نہ کھیل سکے،اب احمد شہزاد کو ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔