فواد خان نے بھارتی اداکاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دے دی

Fawad Khan

Fawad Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے اداکار فواد خان نے بھارتی فلمساز کرن جوہر، اداکارہ عالیہ بھٹ سمیت دیگر اداکاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔

پاکستانی اداکار فواد خان بھارتی فلم انڈسٹری میں کامیابی سے قدم جما چکے ہیں جب کہ وقت کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا ان کے دوستوں کی فہرست میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

پاکستانی اداکار فواد خان فلمساز کرن جوہر کی فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے اس دوران فلم کے سیٹ پر ان کی اداکار رشی کپور، سدھارت ملہوترا،اداکارہ عالیہ بھٹ اور فلم کریو میں شامل افراد سے دوستی ہوگئی جس کے بعد انہوں نے ہدایتکار سمیت تمام اداکاروں کو پاکستان آنے کی بھی دعوت دی جس پراداکاروں نے مثبت جواب دیا ہے۔

دوسری جانب فواد خان فلم کے سیٹ پر اداکاروں اور دیگر اسٹاف کو اردو سیکھانے میں کافی مدد کرتے رہے جن میں فلمساز کرن جوہر بھی شامل ہیں جب کہ لیجنڈ اداکار رشی کپور اور فواد خان دوستانہ ماحول میں آپس میں پنجابی زبان میں بات چیت کرتے نظر آئے۔

واضح رہے کہ فلمساز کرن جوہر کی فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ میں اداکار رشی کپور، فواد خان، سدھارت ملہوترا اور اداکارہ عالیہ بھٹ اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جب کہ فلم آئندہ برس ریلیز کی جائے گی۔