ایف بی آر نجی اداروں کے ملازموں کی تنخواہوں پر ٹیکس کٹوتیوں کی پڑتال کریگا

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایف بی آر نے تمام ماتحت اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے مطابق اپنی حدود میں واقع نجی اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے اپنے ملازموں کو تنخواہوں کی ادائیگیوں پر ٹیکس کٹوتیوں کی چھان بین کیلئے مکمل آڈٹ کرکے ہر ماہ رپورٹ بھجوائیں اور بتائیں کہ کس نجی ادارے کو آڈٹ کیلئے منتخب کیا گیا اور کتنی کمپنیوں اور اداروں کا ودہولڈنگ ٹیکس کٹوتیوں کا آڈٹ مکمل ہوا۔

ماتحت اداروں کو اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتانا ہو گا کہ کمپنیوں کی جانب سے ملازمین سے ٹیکس کی کتنی ڈیمانڈ کی گئی اور رکوری کتنی کی گئی؟

تفصیلات کے مطابق، ایف بی آر نے حکم دیا ہے کہ تمام آر ٹی اوز نہ صرف ملازمین کی تنخواہوں پر کی جانے والی ٹیکس کٹوتیوں کا آڈٹ کریں بلکہ نجی اداروں اور کمپنیوں کے چیف فنانشل آفیسرز اور ڈائریکٹرز کا بھی آڈٹ کریں اور اس سلسلے میں اپنی ماہانہ رپورٹ بھی ارسال کریں۔