ایف سی بار سلونا کی دعوت پر کراچی یونائیٹڈ آج اسپین روانہ ہو رہی ہے

Karachi United Football Club

Karachi United Football Club

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ایف سی بار سلونا کی دعوت پر کراچی یونائیٹڈ فٹبال کلب آج اسپین روانہ ہو رہا ہے ان کے ہمراہ انڈر 12′ انڈر 14 اور انڈر 16 کھلاڑیوں کا خصوصی دستہ بھی ساتھ جارہا ہے جنہیں ایف سی بارسلونا کے کوچز تربیت فراہم کریں گے۔ کراچی یونائیٹڈ پاکستان کا وہ پہلا کلب ہے جو ایف سی بار سلونا کا دورہ کررہا ہے ڈائریکٹر کراچی یونائیٹڈ عمران علی کا کہنا ہے کہ یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ ہماری کاوشوں اور فٹبال کی مثبت سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے ایف سی بار سلونا نے ہمیں اپنے ملک میں مدعو کیا۔

کراچی یونائیٹڈ17 فروری سے24 فروری تک اسپین میں بار سلونا سمیت متعدد کلبوں سے نمائشی میچز کھیلے گی واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی یونائیٹڈ2004ء میں مانچسٹر یونائیٹڈ انگلینڈ2008 اور2010ء میں قطر’2005ء اور2006ء میں چارلٹن ایتھلیٹک لندن کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔چیف کوچ ارشد جمال نے دورہ سے قبل دو ماہ تک ٹیم کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت کی ہے اور ان کا کہنا تھا کہ کراچی یونائیٹڈ ہمیشہ کی طرح اس دورہ پر بھی اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ بر قرار رکھے گی۔ بار سلونا یوتھ اکیڈمی ”لامسیا” نے بھی کراچی یونائیٹڈ کو نہ صرف اکیڈمی کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے بلکہ انہوں نے انڈر12′ انڈر14اور انڈر16بوائز و گرلز کو تربیت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔19 فروری کو کراچی یونائیٹڈ کیمپ نو اسٹیڈیم میں بارسلونا کا لیگ میچ بھی دیکھیں گے۔ڈائریکٹر فروغ کھیل علی عطا کا کہنا تھا کہ ہماری10 بہترین اکیڈمیز کراچی میں کھلاڑیوں کو نہ صرف فٹبال کی جدید تربیت فراہم کررہے ہیں بلکہ ان کھلاڑیوں کو تعلیم میں بھی مدد فراہم کررہے ہیں انشاء اللہ مستقبل میں ہماری اکیڈمیز سے عالمی معیار کے کھلاڑی منظر عام پر آئیں گے اور یہ دورہ اسپین کراچی یونائیٹڈ کے لئے تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا۔

ارشد جمال
چیف کوچ