درجنوں افراد نشانہ بنے، فائرنگ بھی ہوئی: حیدری، دھمکی نہیں ملی تھی: مولانا فضل الرحمان

Abdul Ghafoor Haidari- Maulana Fazl-ur Rehman

Abdul Ghafoor Haidari- Maulana Fazl-ur Rehman

کوئٹہ (جیوڈیسک) مستونگ دھماکہ شدید نوعیت کا تھا، درجنوں افراد نشانہ بنے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری معمولی زخمی ہوئے، مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو ملکر شکست دیں گے۔

مستونگ میں دہشتگردوں نے نہتے شہریوں پر پھر ایک بزدلانہ وار کیا ہے۔ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر ہونے والے حملے کی زد میں کئی گاڑیاں آئیں۔

عبدالغفور حیدری نے بتایا کہ دھماکے سے گاڑی تباہ ہو گئی تاہم انہیں معمولی زخم آئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دھماکے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی جس کا نشانہ درجنوں افراد بنے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عبد الغفور حیدری کو کوئی دھمکی نہیں ملی تھی، ہم سب نے ملکر ملک کے استحکام کیلئے کام کرنا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ اتنا کچھ کرنے کے بعد بھی حکومت امن قائم کرنے میں ناکام ہے۔

فضل الرحمان اور سراج الحق نے دہشتگردوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔