بستی جھرکل میں فائرنگ سے نوجوان ثمر عباس ولد غلام حیدر قوم کھوکھر موقع پر جاں بحق

 killed

killed

کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) بستی جھرکل میں فائرنگ سے 20 سالہ نوجوان ثمر عباس ولد غلام حیدر قوم کھوکھر موقع پر جاں بحق۔ سابق ناظم یونین کونسل سامٹیہ ملک شاہد اور سابق جنرل کونسلر چوہدری عاشق علی پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال کروڑ لے جایا گیا جہاں پر پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

پولیس تھانہ کروڑ نے مقتول ثمر عباس کے بھائی قمر عباس کی مدعیت میں 2 نامزد افراد اکرام اور احسان پسران زوار حسین قوم ماچھی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ رات 8 بجے کے قریب بستی جھرکل میں امام بخش موچی اور غلام حسین موچی کے گھر کے سامنے پسٹل کی 4 گولیاں چلنے کی آواز آئی تو امام حسین موچی گھر سے باہر آیا اور اس نے نوجوان کو اپنے گھر کے سامنے نالی میں اوندھے منہ خون میں لت پت پایا۔ امام حسین موچی فوراً گھبرا کر سابق جنرل کونسلر چوہدری عاشق علی کے پاس گیا تو چوہدری عاشق نے سابق کونسلر ملک شاہد کو فون کیا۔

ملک شاہد فوراً اپنی گاڑی میں سوار ہو کر چوہدری عاشق کے پاس آئے اور پولیس تھانہ کروڑ کو اطلاع کے بعد دونوں پولیس کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں 20 سالہ ثمر عباس ولد غلام حیدر کی لاش نالی میں پڑی تھی۔ غور سے جگہ کا جائزہ لینے پر پولیس کو موقع واردات سے 3 چلی ہوئی گولیوں کے خول جبکہ 2 ثابت گولیاں ملیں۔ بعد ازاں لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے کروڑ ہسپتال لایا گیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

مقتول کے بھائی قمر عباس کے مطابق قتل سے 10 منٹ قبل وہ وہاں سے گزرا تو اس کا بھائی ثمر عباس ، اکرام اور احسان گلی کے کونے پر کھڑے تھے اور 10 منٹ بعد ہی گولیاں چلنے کی آواز آئی تو دیکھا کہ اس کا بھائی ثمر عباس امام حسین موچی کے گھر کے سامنے اوندھے منہ خون میں لت پت پڑا ہے۔پولیس تھانہ کروڑ نے مقتول ثمر عباس کے بھائی قمر عباس کی مدعیت میں 2 نامزد افراد اکرام اور احسان پسران زوار حسین قوم ماچھی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ واضح رہے کہ اکرام ولد زوار حسین پہلے بھی اپنی سگی بہن کو سر میں گولی مار کے قتل کر چکا ہے اور جیل بھی جا چکا ہے۔