مٹھی بھر عناصر ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں :شہباز شریف

Shahbaz Sharif and Khawaja Saad Rafique

Shahbaz Sharif and Khawaja Saad Rafique

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان سب کا ہے اور اسے مل کر مضبوط اور توانا بنائیں گے، تاہم چند مٹھی بھر عناصر عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی میں جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔

ایوان وزیر اعلی لاہور میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقعہ پر وزیراعلی محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور چین کا پاکستان کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے۔ سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر چل پڑا ہے تاہم چند مٹھی بھر عناصر عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی میں جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ عوام نے ایسے عناصر کو عام انتخابات 2013 اور بلدیاتی الیکشن میں مسترد کر دیا تھا۔ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سب کا ہے اور اسے مل کر مضبوط اور توانا بنائیں گے۔