فکسنگ بم سے آئی پی ایل کے درو دیوار جھنجھنا اٹھے

IPL

IPL

نئی دہلی / احمد آباد (جیوڈیسک) ایک اور فکسنگ بم سے آئی پی ایل کے درودیوار جھنجھنا اٹھے، بھارت کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے رواں سیزن کے کم سے کم تین میچز کو فکسڈ قرار دے دیا، 2بکیز کو گرفتار کرلیا گیا، ایک بیمار بن کر اسپتال میں داخل جبکہ2 سٹے باز بھائی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق 2013 میں منظر عام پر آنے والے آئی پی ایل فکسنگ تنازع کے دھول ابھی بیٹھی نہیں تھی کہ ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آگیا، اس بار پولیس کے بجائے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے رواں سیزن کے کم سے کم تین میچز کو فکسڈ قرار دے دیا ہے،ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم نے چند بہت بڑے بکیز حراست میں لیے، ان سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پرکہہ سکتے ہیں کہ رواں سیزن کے کم سے کم تین میچز فکسڈ تھے۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ روز احمد آباد یونٹ کے چھاپے میں نئی دہلی سے مکیش شرما اور سکھوندر سودھی نامی بکیز کو گرفتار کیا گیا،تھانے نامی علاقے سے ایک اور مشکوک شخص انیل جے سنگھانیاکے بھی سمن جاری کیے گئے، مگر جب آفیشلز اس کے گھر پہنچے تو آدھے گھنٹے تک دروازہ ہی نہیں کھلا، پھر اہلیہ نے آکر بتایا کہ شوہر بیمار ہیں، اندر جانے پر دیکھا کے وہ بستر پر دراز تھا، اسی اثنا میں بیگم اپنے شوہر کے تمام موبائلز لے کر وہاں سے کھسک گئیں چونکہ ان آفیشلز کے ساتھ کوئی خاتون نہیں تھی اس لیے وہ کچھ بھی نہیں کرپائے، سنگھانیا کو پیر کے روز ڈائریکٹوریٹ حاضر ہونے کا نوٹس دے دیا گیا ہے۔

اسی طرح جے پور میں بھی ونیت اورراہول گنگوال کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا مگر دونوں بھائی پہلے ہی وہاں سے غائب ہوچکے تھے، ان کے گھر سے ساڑھے 6 لاکھ روپے نقد، بڑی مقدار میں زیورات اور مختلف دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں۔ تحقیقات میں شریک ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے بکیز گرفتار شدگان شرما اور سودھی سے رابطے میں تھے، ان دونوں کی جانب سے بہت بڑی رقم حوالہ چینل کے ذریعے بیرون ملک بھیجی گئی، یہ لوگ غیرملکی جوا کھلانے والی فرمز میں دائو لگاتے تھے، ان کے پیٹرنز سے چند میچز فکسڈ ہونے کا انکشاف ہوا، معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔