زیارت،شہری رمضان المبارک میں بھی یوٹیلیٹی سٹور پرسستی اشیاء کی سہولت سے محرو م

Utility Stores

Utility Stores

زیارت (نامہ نگار) ہر سال کی طرح اس سال بھی ضلع زیارت کے شہری سستی اشیاء خریدنے سے محروم ہیں ۔بازار میں جاری مہنگائی کے راج سے غریب عوام افطار کے لئے بھی ترسنے لگے ۔صوبہ اور ملک کے دوسرے علاقوں میں ملنے والی اشیاء ضلع زیارت میں ان کی نسبت دوگنی قیمت میں ملتی ہے۔جس کی وجہ سے غریب شہری مایوس ہونے لگے ہیں اور ضلعی انتظامیہ سے بھی ان کا اعتماد اٹھ چکاہے کہ وہ بھی خودساختہ مہنگائی بنانے والوں کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہیں بلکہ ان کے ساتھ مل کر ان کی ہڑتال یا کسی اور وجہ سے ان کے سامنے گھٹنے ٹیک کر ان کے نرخنامہ پر عمل درآمد کررہے ہیں ۔زیارت شہر میں یوٹیلیٹی سٹورپر سستی اشیاء نہ ہونے کی وجہ سے غریب شہریوںاور روزہ داروں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہاہے اور نہ ہی اب تک شہر میں سستا بازار کا قیام عمل میں لایا جاسکا ہے ۔حکومت کی جانب سے عوام کے لئے اعلان کردہ پیکج سے اہلیان زیارت اب تک محروم ہیں آخر اہلیان زیارت حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سستی اشیاء کہاں سے خریدینگے نہ ہی یوٹیلیٹی سٹور پر سستی اشیاء اور نہ ہی شہر میں سستا بازار کا قیام عمل میں لایا جا سکا ہے۔

کہ جس سے شہریوں کو فائدہ مل سکیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ نرخ کے مطابق اشیا ء ضروریہ اور اشیاء خوردنوش خرید سکیں ۔آخر میں اہلیان زیارت نے ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ زیارت شہر میں مہنگی اور ناقص اشیاء بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اس کے علاوہ عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے اور عوام کے لئے اعلان کردہ پیکج کے ثمرات کو شہریوں تک پہنچانے کے لئے فوری طور پر زیارت شہر میں یوٹیلیٹی سٹور پر سستی اشیاء مہیاء اور سستا بازار کا قیام عمل میں لایا جائے ۔تاکہ زیارت کے شہری رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پیکج سے مستفید ہو سکیں ۔