نزلے زکام میں آرام، حیاتین ڈی کا کام

 Vitamin D

Vitamin D

ماہرین کی نئی تحقیق کے مطابق حیاتین ڈی کا استعمال نظامِ تنفس کی بیماریوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

خیال رہے کہ ہڈیوں اور پٹھوں کی چستی کے ساتھ ساتھ کارکردگی کو بڑھانے میں حیاتین ڈی کا استعمال طویل عرصے سے عام ہے، تاہم طب کے میدان میں نزلہ زکام جیسے وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے حیاتین ڈی کو کبھی اس قدر اہمیت نہیں دی گئی تھی۔

حالیہ دنوں میں برٹش میڈیکل جرنل میں شامل اس نئی تحقیق نے وٹامن ڈی کی افادیت کو مزید واضح کردیا ہے۔

ماہرین لکھتے ہیں کہ زیادہ تر افراد سرد اور خشک موسم میں کھانسی، نزلہ اور زکام سے متاثر ہوتے ہیں، جس کی اہم وجہ اس موسم میں جسم متعلقہ حیاتین میں ہونے والی کمی ہے۔

تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ نزلے زکام سےمتاثرہ 11 ہزار افراد کے جسم میں جب وٹامن ڈی کی کمی کو پورا کیا گیا تو ان میں نزلہ زکام سے متاثر ہونے کا خدشہ 12 فیصد تک کم ہوگیا۔

اس نئی تحقیق کے سامنے آنے بعد ماہرین پرامید ہیں کہ ہر سال دنیا کی 70 فیصد آبادی کو متاثر کرنے والے نزلہ زکام کی شرح میں واضح کمی لائی جا سکے گی۔