احمقوں کو بتانا چاہتاہوں کہ پیپلزپارٹی کبھی ختم نہیں ہوسکتی، بلاول بھٹو زرداری

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

کراچی (جیوڈیسک) چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ احمقوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پیپلز پارٹی ختم ہورہی ہے نہ کبھی ختم ہوسکتی ہے اور یہ پارٹی آج بھی ہر سازش کو کچلنے کی طاقت رکھتی ہے۔

بلاول ہاؤس کراچی میں اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 11 اگست کو پیپلزپارٹی نے اقلیتوں کا عالمی دن قراردیا جب کہ پارٹی کا شروع سے ہی مؤقف رہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والا ہر فرد پہلے پاکستانی ہے اور اسے نہ صرف زندگی گزارنے بلکہ اپنی عبادت گاہوں میں جانے کی بھی مکمل آزادی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بااختیار مافیا اپنے مفاد کے لیے اکٹھا ہے اور پاکستان کی عوام کو مذہب سمیت کسی بھی بنیاد پر تقسیم کرنا مفاد پرستوں کی سازش ہے جب کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ پاکستانی عوام کو متحد رکھا تاہم حالات جتنے بھی سخت ہوجائیں پی پی پی کا نظریہ کبھی تبدیل نہیں ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومتیں آتی رہیں اورسازشوں کا شکار ہوکر ختم ہوتی رہیں جب کہ میری ماں نے مذہب کے نام پر قوم کو تقسیم کرنے والے دہشت گردوں کو للکارا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سوچ رہے ہیں پیپلزپارٹی اب ختم ہوگئی جب کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کو جب شہید کہا گیا تب بھی یہی کہا گیا کہ پیپلزپارٹی ختم ہورہی ہے لیکن میں ایسے احمقوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پارٹی ختم ہورہی ہے نہ کبھی ختم ہوسکتی ہے کیوں کہ پارٹی کا جھنڈا اب میں نے اٹھا لیا ہے۔

اس سے قبل وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کے بنیادی حقوق ایک جیسے ہیں اور پیپلزپارٹی نے غریبوں کی خدمت کی ہے جب کہ ملک میں حقیقی جمہوریت اور عوام کے حقوق دلانے کے لیے پارٹی نے بہت جدوجہد کی ہے۔