پاک پی ڈبلیو ڈی کے ممتاز فٹ بال کھلاڑی غنیمت خان انتقال کر گئے

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک پی ڈبلیو ڈی کے ممتاز فٹ بال کھلاڑی اور کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب شاہ فیصل ٹائون کے کپتان اور کوچ غنیمت خان طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جاملے۔

مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے منعقدہ تعزیتی اجلاس میں شاہ فیصل کالونی سے ملحقہ تمام فٹ بال کلبوں کے افیشلز اور کھلاڑیوں نے غنیمت خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی فٹ بال کے حوالے سے خدمت پر خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں اُسامہ اسپورٹس ،ہزاہ محمڈن ،رحیم محمڈن ،کوہاٹ اسپورٹس، ڈرگ روڈ یونین ،اعظم اسپورٹس ،گلشن اسپورٹس کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

فٹ بال کلبوں کے عہدیداروں نے غنیمت خان کی فٹ بال کے کھیل کے فروغ کے حوالے سے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ غنیمت خان نے فٹ بال کھیل کا آغاز ہزار ہ محمڈن فٹ بال کلب سے کیا اور مختصر عرصے میں اپنے عمدہ کھیل کی بدولت ڈیپارٹمنٹ پاک پی ڈبلیو ڈی میں شمولیت اختیار کرلی اور ایک طویل عرصے تک ادارے سے وابستہ رہے۔

اس کے علاوہ غنیمت خان کالونی محمڈن فٹ بال کلب کے کپتان اور کوچ کے فرائض بھی انجام دیئے تعزیتی اجلاس میں مرحوم غنیمت خان کے لئے خصوصی دعااور لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔